سوڈان میں جنگ بندی اور سویلین حکومت کی بحالی کےلئے امریکہ اور امارات کی کوششیں تیز
دبئی،21نومبر(ہ س)۔امریکہ اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں جاری جنگ ختم کرنے، انسانی بحران پر قابو پانے اور سیاسی عمل کے ذریعے سویلین قیادت والی حکومت کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور امارات کے نائب وزیر ا
سوڈان میں جنگ بندی اور سویلین حکومت کی بحالی کےلئے امریکہ اور امارات کی کوششیں تیز


دبئی،21نومبر(ہ س)۔امریکہ اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں جاری جنگ ختم کرنے، انسانی بحران پر قابو پانے اور سیاسی عمل کے ذریعے سویلین قیادت والی حکومت کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں سوڈان کی صورت حال اور جنگ کے انسانی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

امارات کی وزارت خارجہ اور سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، شیخ عبداللہ بن زاید نے سوڈان میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک جامع سیاسی عمل شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس کی قیادت شہری نمائندوں کے ہاتھ میں ہو۔ اس عمل کا مقصد سوڈانی عوام کی مشکلات ختم کرنا اور ملک میں امن، استحکام اور باعزت زندگی کے امکانات پیدا کرنا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سوڈان کی فوجی قیادت والی حکومت نے 6 مئی 2025 کو متحدہ عرب امارات پر ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کی مدد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سوڈان نے امارات کو جارح ملک قرار دیتے ہوئے اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا تھا۔ تاہم متحدہ عرب امارات نے اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا تھا اور کہا تھا کہ سوڈان کی فوجی قیادت والی اتھارٹی ملک کی جائز حکومت کی نمائندگی نہیں کرتی۔ امارات نے سوڈان میں سویلین حکومت کے قیام کی حمایت بھی کی تھی۔

سوڈان میں اپریل 2023 سے فوج اور نیم فوجی دستے آر ایس ایف کے درمیان اقتدار کی جنگ جاری ہے، جس نے ملک کو شدید انسانی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد میں شہریوں کو خوراک، علاج اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے۔امریکہ اور امارات کے وزرائے خارجہ کی تازہ گفتگو کو سوڈان میں امن کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم جاری کردہ بیانات میں دونوں ممالک کے درمیان کسی باضابطہ معاہدے یا سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande