
لکھنؤ، 21 نومبر (ہ س): وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کے طلبہ ہی اس کی سب سے بڑی طاقت اور مستقبل ہیں۔ چاہے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) ہو یا انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی)، ان اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں اور تعمیرِ وطن میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیر اعظم مودی ہفتہ کے روز لکھنو¿ کے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقدہ پانچویں قومی اسکل کنوکیشن (تقریبِ تقسیمِ اسناد) میں شرکت کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ملک بھر کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ہنرمندی کی ترقی کو تعمیرِ وطن کی اہم بنیاد قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جس جوش اور امید کے ساتھ وہ مغربی بنگال میں آئی آئی ٹی کے طلبہ کے درمیان پہنچے تھے، اسی جذبے اور توانائی کے ساتھ آج آئی ٹی آئی کے طلبہ کے درمیان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے آئی آئی ٹی اور آئی ٹی آئی دونوں کے طلبہ ملک کا سرمایہ، اس کی طاقت اور مستقبل ہیں۔ آئی ٹی آئی میں تعلیم کے دوران آپ نے جو ہنر سیکھا ہے، وہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں بڑی طاقت بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب بیرونی حملہ آور ہندوستان آئے تو ہمارا ملک سنہری دور سے گزر رہا تھا اور پوری دنیا کے لیے کشش اور رشک کا مرکز تھا۔ حملہ آوروں نے سب سے پہلے ہماری دست کاری اور ہنرمندی کو نشانہ بنایا۔ بعد میں انگریز آئے اور انہوں نے ایک ایسا تعلیمی نظام مسلط کیا جس میں ہنرمندی پر مبنی ہماری روایتی تعلیم محدود ہوکر صرف دفتری کام کرنے والے کلرک تیار کرنے تک رہ گئی۔ انگریزوں نے ہندوستان کی ہنرمندی کو تباہ کرکے اپنی صنعتوں کو فروغ دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وقت کے ساتھ دفتری کام کو زیادہ عزت دی جانے لگی اور ہمارے معاشرے میں ایسی صورت حال پیدا ہوگئی کہ اگر کوئی بچہ آئی ٹی آئی میں داخلہ لیتا ہے تو اس کے والدین رشتہ داروں کو بتانے سے بھی گریز کرتے ہیں۔ لیکن میں نے اس صورت حال کو بدلنے کا عزم کیا ہے۔ آئی آئی ٹی کے طلبہ کو جتنا احترام ملتا ہے، اتنا ہی احترام آئی ٹی آئی کے طلبہ کو بھی ملنا چاہیے۔ آج ہندوستان دنیا کا ہنرمندی کا مرکز بننے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان جس تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ جب آپ کوئی ہنر سیکھتے ہیں تو صرف مشینوں پر کام نہیں کرتے، بلکہ لوگوں کی زندگی آسان بناتے اور ملک کی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور انہیں پورا کرنے کے لیے پوری محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو عالمی ہنرمندی کا مرکز بنانے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔
وزیر اعظم نے اتر پردیش کے نوجوانوں کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان 2027 میں عالمی اسکلز ایشیا مقابلے کی میزبانی کرے گا۔ یہ مقابلہ گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہوگا، جس میں ایشیا کے مختلف ممالک کے نوجوان شرکت کریں گے۔ انہوں نے اس انعقاد کے لیے اتر پردیش کو پیشگی مبارک باد بھی دی۔
اس تقریب میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک نیز مرکزی وزیر مملکت پنکج چودھری موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک کے 52 آل انڈیا ٹاپرس کو اعزاز سے نوازا۔ اس کے علاوہ 4200 زیر تربیت نوجوانوں اور 209 تربیت کاروں کو بھی اعزازات دیے گئے۔ تقریب میں ہنرمندی کی تربیت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی کامیابیوں کو سراہا گیا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نئے ہندوستان کے معمار ہیں۔ ان کی قیادت میں ملک نے تیزی سے ترقی کی ہے اور اسکل ڈیولپمنٹ اسکیم نے نوجوانوں کو نئی سمت اور حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں سب سے زیادہ نوجوان اتر پردیش میں ہیں۔ ریاست میں 17 لاکھ سے زیادہ افراد کو اس اسکیم کے تحت تربیت دی جاچکی ہے، جبکہ 150 سے زائد آئی ٹی آئی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑا گیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے ہنرمندی کی ترقی ضروری ہے۔ جب کوئی نوجوان اپنی تکنیکی صلاحیتوں کی بنیاد پر جدید صنعت شروع کرتا ہے تو وہ نہ صرف خود روزگار حاصل کرتا ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے اور ملک کو خود کفیل بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ