
ہیملٹن، 21 نومبر(ہ س)۔ یوکرین پر روس کے مسلسل حملوں کے خلاف آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ماسکو سے فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی قبول کرنے کی اپیل کی ہے۔ تینوں ممالک نے روس کی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے اثرات صرف یورپ تک محدود نہیں ہیں، بلکہ اس سے عالمی امن، سلامتی، خوراک کی فراہمی اور توانائی کے شعبے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولو کے مطابق، چین میں منعقدہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کی میٹنگوں کے دوران جمعہ کو آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ بیان جاری کیا۔ گلوبل افیئرز کینیڈا کی جانب سے جاری اس بیان میں روس کی فوجی کارروائیوں پر شدید تشویش ظاہر کی گئی۔ تینوں ممالک نے کہا کہ وہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے لیے پابند عہد ہیں۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ فروری 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے جاری جنگ نے بڑے پیمانے پر انسانی بحران پیدا کردیا ہے۔ تینوں ممالک نے روس کی فوجی کارروائی کو غیر مناسب اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔
آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے الزام لگایا کہ روس نے 2026 کے دوران یوکرین میں اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ اس کے نتیجے میں عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔تینوں ممالک کے مطابق روسی کارروائیوں کے اثرات عالمی امن اور سلامتی کے ساتھ ہند بحرالکاہل خطے کے استحکام پر بھی پڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی امن اور استحکام کے بغیر سب کو ساتھ لے کر چلنے والی اور پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں ہے۔مشترکہ بیان میں روس اور یوکرین کی جنگ کے معاشی اثرات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ تینوں ممالک نے کہا کہ جنگ کے باعث عالمی سطح پر خوراک اور توانائی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ بین الاقوامی بازار میں غیر یقینی صورت حال بڑھنے سے کئی ممالک کی معیشتوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔
بیان کے مطابق روس کی فوجی کارروائیاں اور ان کے عالمی معاشی اثرات اے پی ای سی کے اس مقصد کے خلاف ہیں، جس کے تحت ایک کھلا، متحرک، مضبوط اور پرامن ایشیا پیسیفک خطہ قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔تینوں ممالک نے کہا کہ اے پی ای سی کی میٹنگیں ایسے اہم عالمی مسائل پر تبادلہ¿ خیال کا موقع فراہم کرتی ہیں، جن کا اثر رکن ممالک کی معیشتوں اور عام لوگوں کی زندگیوں پر پڑتا ہے۔
آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے روس سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی قبول کرے اور اپنی فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔ تینوں ممالک نے یوکرین میں منصفانہ اور پائیدار امن قائم کرنے کی تمام سنجیدہ کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔یہ مشترکہ بیان 3 نومبر کو آن لائن منعقدہ اے پی ای سی وزارتی میٹنگ اور 18 و 19 نومبر کو چین کے شہر شینزن میں ہونے والی اے پی ای سی اقتصادی رہنماؤں کی میٹنگ کے بعد جاری کیا گیا۔ ان میٹنگوں میں ایشیا پیسیفک خطے کے معاشی مسائل، تجارت، علاقائی تعاون اور عالمی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ? خیال کیا گیا۔ اس دوران چین نے 2026 کے لیے اے پی ای سی کی صدارت کی ذمہ داری سنبھالی۔ آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے اے پی ای سی کی حمایت کرتے ہوئے چین کی قیادت کو بھی تسلیم کیا۔
اس دوران روس اور یوکرین کی جنگ کے حوالے سے عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیاں بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ شینزن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان مبینہ سہ فریقی ملاقات کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں یوکرین جنگ سمیت مختلف اہم مسائل پر گفتگو ہونے کی بات کہی گئی۔
تینوں ممالک نے واضح کیا کہ یوکرین میں جنگ کا خاتمہ صرف فوجی کارروائیاں روکنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ وہاں منصفانہ اور پائیدار امن قائم کرنا بھی ضروری ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ روس جنگ بندی کی ان تازہ اپیلوں پر کیا ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan