اے ایم یو میں عالمی یومِ فلسفہ منایا گیا، ماحولیاتی ذمہ داری اور تنقیدی فکر کے فروغ پر زور
علی گڑھ، 21 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ نے عالمی یومِ فلسفہ 2026 کے موقع پر مختلف علمی و تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا، جن میں ماحولیاتی ذمہ داری، تنقیدی فکر اور بقائے باہمی کے فروغ میں فلسفیانہ فکر کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
اے ایم یو میں عالمی یومِ فلسفہ منایا گیا، ماحولیاتی ذمہ داری اور تنقیدی فکر کے فروغ پر زور


علی گڑھ، 21 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ نے عالمی یومِ فلسفہ 2026 کے موقع پر مختلف علمی و تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا، جن میں ماحولیاتی ذمہ داری، تنقیدی فکر اور بقائے باہمی کے فروغ میں فلسفیانہ فکر کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

شعبے کے ڈائیلاگ فورم کے زیر اہتمام پروگرام کا آغاز فیکلٹی آف آرٹس کے احاطے میں شجرکاری مہم سے ہوا۔

اس موقع پر فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد رضوان خان اور شعبہ فلسفہ کے چیئرپرسن پروفیسر عامر ریاض کے علاوہ اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے شرکت کی۔

پروفیسر محمد رضوان خان نے اس پہل کی ستائش کرتے ہوئے ایک ذمہ دار اور پائیدار معاشرے کے فروغ میں فلسفیانہ شعور اور ماحولیاتی آگہی کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریبات کا سلسلہ پوسٹر سازی اور مضمون نویسی کے مقابلوں کے ساتھ جاری رہا، جن کا موضوع تھا:‘‘زمین کے ساتھ مل جل کر زندگی گزارنا’’۔ ان مقابلوں کے ذریعہ طلبہ کو فطرت کے ساتھ انسانیت کے تعلق اور کرہ ارض کے تحفظ کی ذمہ داری پر غور و فکر کی ترغیب دی گئی۔

اس موقع پر دو ایوارڈ یافتہ مختصر فلموں، اسٹیو کٹس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘‘مین’’ اور کارتک گونزالویس کی ہدایت کاری میں بننے والی ‘‘دی ایلیفینٹ وِسپررز’’ کی نمائش کی گئی، جس کے بعد طلبہ اور اساتذہ کے درمیان ماحولیاتی شعور اور بقائے باہمی کے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔

پوسٹر سازی کے مقابلے میں ایم اے تیسرے سمسٹر کے نعمان اشرف نے پہلا انعام حاصل کیا، جبکہ پی ایچ ڈی کی ارم فاطمہ اور ایم اے تیسرے سمسٹر کی طالبہ ارم صبا کو بالترتیب دوم اور سوم انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔

مضمون نویسی کے مقابلے میں بی اے پانچویں سمسٹر کے ارحم حسین نے پہلا انعام حاصل کیا۔ نعمان اشرف اور ایم اے تیسرے سمسٹر کے سہیل اختر نے مشترکہ طور پر دوسرا انعام حاصل کیا، جبکہ ایم اے پہلے سمسٹر کی زوبیہ زاہد تیسرے انعام کی حقدار قرار پائیں۔

آخر میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ پروفیسر عامر ریاض نے اپنے اختتامی کلمات میں فلسفیانہ مکالمے اور تنقیدی فکر کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈائیلاگ فورم کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر دیوان ٹی خان، ڈاکٹر زید اے صدیقی اور ڈاکٹر شاہدالحق نے پروگرام کی نظامت کی اور اظہارِ تشکر کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande