
کاٹھمنڈو، 21 نومبر (ہ س)۔ نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے ہندوستان دورے کے دوران نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہندوستان کے وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت جتن پرساد ان کا استقبال کریں گے۔ وزیر اعظم شاہ 22 نومبر کو دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر نیپال ایئر لائنز کے طیارے سے کاٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر شاہ دو روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان آ رہے ہیں۔ رواں سال 26 مارچ کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا بیرون ملک کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔
نیپال کی وزارت خارجہ کے مطابق، دہلی پہنچنے کے بعد وزیر اعظم شاہ کی پہلی ملاقات ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ہوگی۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات شام 6 بجے ہوٹل تاج میں طے ہے۔ اگلے روز 23 نومبر کو صبح 10 بجے وزیر اعظم بالیندر شاہ مہاتما گاندھی کی سمادھی پر حاضری دے کر انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔
اس کے بعد صبح 11 بجے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔ اس دوران تجارت، ٹرانزٹ، سرمایہ کاری، توانائی، رابطہ کاری کے نیٹ ورک اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ نیپال کے خارجہ سکریٹری امرت بہادر رائے نے یہ اطلاع دی۔
نیپال کے خارجہ سکریٹری نے بتایا کہ دورے کے دوران تعلیم، صحت، زراعت، کھیل، آفات کے انتظام اور انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یو) کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔ اس سے دونوں ملکوں کے ترجیحی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔ وزارت خارجہ کے مطابق، ہندوستان نیپال کا ایک بڑا اور اہم ترقیاتی شراکت دار ہے۔ اس لیے دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان ترقیاتی شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
خارجہ سکریٹری نے کہا، ”دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی دورے ناگزیر ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخ، تہذیب، ثقافت اور عوامی سطح پر گہرے روابط رہے ہیں۔ امید ہے کہ مجوزہ دورہ نیپال اور ہندوستان کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم ثابت ہوگا۔“
دوطرفہ بات چیت کے بعد دوپہر سوا 12 بجے دونوں ملکوں کے وزیر اعظم حیدرآباد ہاوس میں ہی کئی اہم معاہدوں پر دستخط کے گواہ بنیں گے۔ اس کے علاوہ جنک پور-ایودھیا خصوصی ریل سروس کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس موقع پر کئی دیگر منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ پروگرام کے بعد وزیر اعظم شاہ سہ پہر 3 بج کر 15 منٹ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے رسمی ملاقات کے لیے راشٹرپتی بھون پہنچیں گے۔ اپنے سرکاری دورے کے دوسرے ہی روز سہ پہر 4 بج کر 50 منٹ پر نیپال ایئر لائنز کے طیارے سے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
وزیر اعظم شاہ کی قیادت میں ہندوستان آنے والے سرکاری وفد میں 34 ارکان شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خزانہ ڈاکٹر سورنیم واگلے، وزیر خارجہ ششیر کھنال، وزیر اعظم کے چیف ایڈوائزر، سیاسی مشیر اور کئی اعلیٰ افسران بھی ہندوستان آئیں گے۔
اس کے علاوہ 52 ارکان پر مشتمل تجارتی وفد بھی ہندوستان آئے گا، جو نیپال-ہندوستان تجارتی گول میز کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ اس پروگرام کا انعقاد 22 نومبر کی شام 6 بجے ہوٹل تاج میں ہندوستانی صنعتی تنظیم سی آئی آئی اور نیپال صنعت و تجارت فیڈریشن مشترکہ طور پر کریں گے۔ اس میں نیپال کے وزیر خارجہ ششیر کھنال اور وزیر خزانہ سورنیم واگلے بھی خطاب کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد