
علی گڑھ, 21 نومبر (ہ س)جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ آرتھوپیڈک سرجری نے ہیوسٹن، ٹیکساس، امریکہ میں واقع بیلر کالج آف میڈیسن کے ایڈمنسٹریٹیو چیف ریزیڈنٹ اور آرتھوپیڈک سرجری کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر عمر غلزئی کے ساتھ ایک علمی سیمینار اور تبادلہ خیال نشست کا اہتمام کیا۔
ڈاکٹر غلزئی نے ایک پیچیدہ طبی کیس پیش کیا، جس میں ایسے مریض کے کندھے کے بلیڈ اور سینے کے درمیان سرجری کے ذریعے اتصال قائم کرنے کا عمل شامل تھا، جس کے پینکوسٹ ٹیومر کی سرجری پہلے ہو چکی تھی۔ اس پیشکش کے بعد اس غیر معمولی مرض کے طبی پہلوؤں اور سرجری کے طریقہ کار پر اساتذہ اور پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس کے درمیان علمی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر امریکہ میں ہندوستانی آرتھوپیڈک سرجنوں کے لیے آرتھوپیڈک ریزیڈنسی کی تربیت اور پیشہ ورانہ مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔ بیلر کالج آف میڈیسن میں اپنے تجربات کی روشنی میں ڈاکٹر غلزئی نے ریزیڈنسی پروگراموں کے ڈھانچے، تربیتی تقاضوں اور بین الاقوامی میڈیکل گریجویٹس کے لیے دستیاب مواقع پر گفتگو کی اور پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس کے سوالات کے جواب دیے۔
شعبہ آرتھوپیڈک سرجری کے چیئرپرسن پروفیسر لطیف ظفر جیلانی نے اپنے طبی تجربات اور بصیرت سے شرکاء کو مستفید کرنے پر ڈاکٹر غلزئی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری نشان پیش کیا۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ