
پاسپورٹ دھوکہ دہی معاملے میں سشیل انسل کی نظرثانی عرضی خارج
نئی دہلی، 21 نومبر(ہ س)۔ دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی سیشن عدالت نے پاسپورٹ دھوکہ دہی کے معاملے میں سشیل انسل کی نظرثانی عرضی خارج کر دی ہے۔ انسل نے مجسٹریٹ عدالت کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا، جس میں ان کے خلاف فوجداری الزامات طے کیے گئے تھے۔
انسل کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ کی دفعہ 12 کے ساتھ ساتھ ہندوستانی تعزیراتِ ہند کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی)، دفعہ 177 (غلط معلومات دینا) اور دفعہ 181 (حلف کے تحت جھوٹا بیان دینا) کے تحت الزامات طے کیے گئے ہیں۔ تفتیش میں سامنے آیا تھا کہ سشیل انسل نے 2013 اور 2018 میں پاسپورٹ کے لیے درخواست دیتے وقت جمع کرائے گئے حلف ناموں میں 1997 کے اپہار سنیما آتشزدگی حادثے میں اپنی سزا اور دیگر زیرِ التوا فوجداری مقدمات کی معلومات مبینہ طور پر چھپائی تھیں۔
عدالت نے انسل کی ان دلیلوں کو قبول نہیں کیا کہ معلومات کا چھوٹ جانا محض غیر ارادی غلطی تھی یا پاسپورٹ حکام کی جانب سے پہلے ہی انتظامی جرمانہ عائد کیے جانے کے سبب ان کے خلاف دوبارہ مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔
ایسوسی ایشن آف وکٹمز آف اپہار ٹریجڈی کی عرضی پر دہلی ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے یہ معاملہ درج کیا تھا۔ عدالت نے متاثرین کی اس تنظیم کو مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی مدد کرنے کی اجازت بھی دی ہے۔
13 جون 1997 کو جنوبی دہلی کے گرین پارک واقع اپہار سنیما میں ’بارڈر‘ فلم دکھائے جانے کے دوران آگ لگنے کے بعد دم گھٹنے سے 59 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد مچی بھگدڑ میں 100 سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ عدالت سشیل انسل اور گوپال انسل کو اس معاملے میں شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے ایک دوسرے مقدمے میں قصوروار قرار دے چکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن