
علی گڑھ, 21 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سنٹر فار فایو انفارمیٹکس اینڈ کمپیوٹیشنل بایو ٹکنالوجی ، انٹر ڈسپلینری بایوٹکنالوجی یونٹ نے اینٹی مائیکروبیئل رسسٹینس بیداری ہفتہ کے تحت تین روزہ پروگرام منعقد کیا جس کا موضوع تھا: ‘‘ایک صحت، ایک اقدام: اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت کو ابھی روکیں’’۔
محکمہ بایو ٹکنالوجی، وزارتِ سائنس و ٹکنالوجی، حکومت ہند کی معاونت سے جاری پروجیکٹ ‘‘اومکس (بایوانفارمیٹکس، جینومکس اور پروٹیومکس) بی آئی سی طریق ہائے کار کے ذریعہ اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت کا مطالعہ’’ کے تحت یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروجیکٹ کی قیادت پروفیسر اسد یو خان کر رہے ہیں۔ پروگرام کو یونیورسٹی میں جاری قومی نیٹ ورک پروجیکٹ کی معاونت بھی حاصل رہی۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے مہمانوں اور شرکاء کو مبارک باد پیش کی اور پروگرام کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
افتتاحی اجلاس میں پروفیسر وائی ڈی شرما، سابق سربراہ، شعبہ بایوٹکنالوجی، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نئی دہلی بطور مہمانِ خصوصی اور پروفیسر جمال احمد خان، ڈین، فیکلٹی آف لائف سائنسز، اے ایم یو ، مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ اے ایم آر-بی آئی سی-ڈی بی ٹی سنٹر کے کوآرڈنیٹر اور کنوینر پروفیسر اسد یو خان نے بایو انفارمیٹکس، جینومکس اور پروٹیومکس کے ذریعہ اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت پر یونیورسٹی کی تحقیقی سرگرمیوں کو اجاگر کیا۔ پروفیسر شرما نے اینٹی بایوٹکس کے معقول استعمال پر زور دیا، جبکہ پروفیسر جمال احمد خان نے تجربہ گاہوں میں ہونے والی تحقیق کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انٹر ڈسپلینری بایوٹکنالوجی یونٹ کی کوآرڈینیٹر پروفیسر حنا یونس نے بین شعبہ جاتی تحقیق اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت بیان کی۔
علمی خطبات میں ڈاکٹر علی جعفر عابدی، شعبہ کمیونٹی میڈیسن، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے ‘‘ایک صحت، ایک اقدام:اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت کی روک تھام ’’ کے موضوع پر، جبکہ پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن، شعبہ فارماکولوجی، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے ‘‘اینٹی بایوٹک مزاحمت: محفوظ علاج کے لیے ادویات کی نگرانی کا انضمام’’ کے عنوان پر خطاب کیا۔
اس موقع پر پوسٹر سازی، نعرہ نویسی اور دو منٹ کی تقریر کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔ پوسٹر اور تقریری مقابلوں کے ججوں میں پروفیسر انور شہزاد، پروفیسر ریاض احمد، پروفیسر ایس ضیاء الرحمٰن، پروفیسر فضل الرحمٰن، پروفیسر وسیم صدیقی اور ڈاکٹر سیف خان شامل تھے۔ ڈاکٹر ارباب حسین نے اجلاس کی نظامت کی، جبکہ پروفیسر وسیم احمد صدیقی نے اظہارِ تشکر کیا۔
اسی کڑی میں ڈی ایس کالج، علی گڑھ میں بیداری مہم منعقد کی گئی، جہاں پرنسپل پروفیسر مکیش بھاردواج اور ڈاکٹر پوجا نے میزبانی کی۔ کوئز مقابلے اور ڈی ایس کالج کے پروفیسر پارولے اور پروفیسر اسد یو خان کے خطبات میں اینٹی بایوٹکس کے غلط استعمال، ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والے انفیکشنز، احتیاطی تدابیر اور ایک صحت کے تصور کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ پروفیسر خان کی تحقیقی ٹیم کے ارکان اور ڈاکٹر ارباب حسین نے بھی اس آگہی پروگرام میں شرکت کی۔
20نومبر کو اختتامی اجلاس میں پوسٹر سازی، نعرہ نویسی، دو منٹ کی تقریر اور کوئز مقابلوں کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ کامیاب طلبہ کو تمغے اور نقد انعامات پیش کئے گئے، جبکہ ڈی ایس کالج کے اساتذہ کو رابطہ پروگرام کے انعقاد میں تعاون پر اعزاز سے نوازا گیا۔
اس تین روزہ اقدام نے اینٹی بایوٹکس کے ذمہ دارانہ استعمال، انفیکشن سے بچاؤ، سائنسی آگہی اور اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت سے نمٹنے میں کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر ابصار طلعت نے کارروائی کو مربوط کیا۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ