
علی گڑھ، 20 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر ایمیریٹس ، ممتاز مؤرخ پروفیسر عرفان حبیب نے ویمنس کالج، اے ایم یو میں ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام ‘‘ماضی کی ازسرنو تعبیر اور خواتین کے حقوق کی اہمیت’’ موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کیا۔
پروفیسر حبیب نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخی بیانیوں کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے خواتین کی خدمات اور تجربات کو تسلیم کرنا ضروری ہے، کیونکہ تاریخ میں ان کی آوازیں اکثر نظرانداز ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساوات کا دائرہ قانونی دفعات سے آگے بڑھنا چاہیے تاکہ ملازمت اور پیشہ ورانہ زندگی میں خواتین کو یکساں مواقع حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے قوانین کے مؤثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی اسی وقت ممکن ہے جب ہر فرد کو بلاخوف و امتیاز یکساں مواقع تک رسائی حاصل ہو۔ ان کے خطاب کے بعد طالبات کے ساتھ ایک تعاملی نشست ہوئی۔
شعبہ تاریخ کی سابق فیکلٹی ممبر پروفیسر شیریں موسوی نے صدارتی کلمات پیش کیے۔
قبل ازیں، ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر شگفتہ امتیاز نے پروفیسر حبیب کا خیرمقدم کیا اور تاریخ، صنفی مساوات اور سماجی انصاف جیسے موضوعات سے نوجوان ذہنوں کو روشناس کرانے کی اہمیت اجاگر کی۔
ٹیچر کوآرڈینیٹر ڈاکٹر لکی خان نے پروگرام کو مربوط کیا۔ ہسٹری اسٹڈی سرکل کی صدر طہورہ شکیل، نائب صدر بشریٰ جنت، سکریٹری اربیہ فاطمہ اور رکن صحیٰ راحیل خان نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ اس موقع پر ہسٹری اسٹڈی سرکل کی سرگرمیوں پر مشتمل ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ