
نیویارک، 20 نومبر(ہ س)۔
امریکی ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے انتخابی سیاست میں بڑے پیمانے پر مالی معاونت کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں دوبارہ موقع ملے تو وہ انتخابی مہمات پر اتنی بڑی رقم خرچ نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق، انتخابی کامیابی کے لیے صرف پیسہ کافی نہیں ہوتا اور مالی وسائل کے باوجود سیاسی نتائج کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرنا ممکن نہیں۔
ایلون مسک نے نیویارک ٹائمز کے ڈیل بُک سمٹ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے انتخابی مہمات پر اپنی بھاری سرمایہ کاری کے حوالے سے یہ اعتراف کیا۔ وہ 2026ئ کے امریکی وسط مدتی انتخابات میں سب سے زیادہ رقم عطیہ کرنے والے انفرادی شخص تھے اور انہوں نے ریپبلکن پارٹی کی سینیٹ میں اکثریت برقرار رکھنے کے مقصد سے مختلف سیاسی سپر پیکس کو کروڑوں ڈالر فراہم کیے تھے۔
انتخابی مہم کے دوران مسک کی خصوصی توجہ ریاست ٹیکساس پر رہی، جہاں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے اہم دفاتر واقع ہیں۔ انہوں نے ٹیکساس میں سینیٹ کی نشست کے لیے ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن کی حمایت میں بھی بھاری رقم خرچ کی، تاہم پیکسٹن ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹالاریکو کے مقابلے میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔
انتخابات کے مجموعی نتائج بھی ریپبلکن پارٹی کے لیے مایوس کن ثابت ہوئے اور ڈیموکریٹس کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ان نتائج کے بعد مسک نے انتخابی سیاست میں اپنی مالی مداخلت کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کیا۔ڈیل بُک سمٹ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ماضی میں واپس جانے کا موقع ملے تو وہ انتخابی مہمات پر کم رقم خرچ کریں گے۔ مسک کے مطابق، وہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کی تعمیر و ترقی میں اس قدر مصروف رہے کہ انتخابی سرگرمیوں پر ذاتی طور پر توجہ دینے کے لیے ان کے پاس وقت نہیں تھا۔ریپبلکن پارٹی کی انتخابی ناکامیوں کے بعد ایلون مسک نے جماعتی سیاست سے اپنی وابستگی محدود کرنے کا اشارہ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میگا تحریک کا حصہ نہیں ہیں اور ریپبلکن پارٹی کی ہر پالیسی کی آنکھیں بند کرکے حمایت نہیں کرتے، بلکہ سیاسی اقتدار میں توازن کے حامی ہیں۔دوسری جانب، آئندہ سال ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک کے کاروباری مفادات اور وفاقی حکومت کے ساتھ ان کے معاہدوں کی جانچ پڑتال میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ڈیموکریٹ قانون سازوں نے مسک کی کمپنیوں اور سرکاری معاہدوں سے متعلق نگرانی اور تحقیقات شروع کرنے کے منصوبوں کا عندیہ دیا ہے، جس سے ان کے کاروباری اور سیاسی تعلقات مزید زیر بحث آنے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan