آئین صرف قانونی دستاویز نہیں بلکہ جمہوریت کا اخلاقی رہنما ہے: سی پی رادھا کرشنن
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے جمعہ کے روز کہا کہ آئین کی اقدار کو مضبوط بنانے کے لیے شہریوں کو اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ فرائض کو بھی یکساں اہمیت دینی ہوگی۔ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہو سکتی ہے جب ادارے جواب دہ ہوں، اختلا
نائب صدرجمہوریہ


نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے جمعہ کے روز کہا کہ آئین کی اقدار کو مضبوط بنانے کے لیے شہریوں کو اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ فرائض کو بھی یکساں اہمیت دینی ہوگی۔ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہو سکتی ہے جب ادارے جواب دہ ہوں، اختلافِ رائے کا احترام کیا جائے اور شہری اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے حقوق اور فرائض ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ ملک کی جمہوریت کا اخلاقی رہنما ہے۔

نائب صدر جمہوریہ کے سکریٹریٹ کے مطابق، رادھا کرشنن نے کانسٹی ٹیوشن کلب میں بینیٹ یونیورسٹی کے اسکول آف لا کی جانب سے منعقدہ پانچویں ’یومِ آئین ہفتہ تقریب 2026‘ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آئینی اقدار صرف اداروں اور قانونی کتابوں تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ انہیں عام شہریوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 50 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالا گیا ہے اور غریب خاندانوں کے لیے چار کروڑ پکے مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ جل جیون مشن کے تحت دیہی علاقوں میں نل کے ذریعے پانی کی فراہمی 82 فیصد سے زیادہ ہو چکی ہے۔ کبھی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے سرحدی گاو¿ں اب ترقی کرتے ہوئے ’وائبرنٹ ولیجز‘ یعنی متحرک اور ترقی یافتہ گاو¿ں کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے ان کامیابیوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آنے والی تبدیلی قرار دیا۔

خواتین کو بااختیار بنانے کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے دستور ساز اسمبلی کی 15 خواتین ارکان کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناری شکتی وندن قانون جیسے اقدامات ان کے نظریات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ملک میں خواتین اب صرف ترقیاتی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والی نہیں بلکہ ترقی کے عمل کی قیادت کرنے والی فعال شراکت دار بن رہی ہیں۔

نائب صدرجمہوریہ نے آئین کی دفعہ 21 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ اس کے دائرے میں عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے، روزگار، صحت، رہائش، نجی زندگی، تعلیم اور ماحولیات کے تحفظ جیسے حقوق بھی شامل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے ترقی اور ماحولیات کے تحفظ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل کا استعمال لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے ہونا چاہیے، لیکن ساتھ ہی آنے والی نسلوں کے لیے بھی ان وسائل کی دستیابی یقینی بنانی ہوگی۔ انہوں نے غیر ضروری صارفیت سے بچنے اور ذمہ دارانہ طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی۔

نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال انسانیت کی خدمت کے لیے ہونا چاہیے اور اس کی رہنمائی آئینی اقدار کے مطابق ہونی چاہیے۔ اختراع کے ذریعے شہریوں کو بااختیار بنانے، شفافیت بڑھانے اور مواقع تک رسائی آسان بنانے میں مدد ملنی چاہیے۔

اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف اور پارلیمانی امور ارجن رام میگھوال، اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمَنی، بینیٹ یونیورسٹی کے چانسلر اور ٹائمز گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر ونیت جین اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر راج سنگھ سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande