
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ جنتر منتر کو احتجاجی مظاہروں کے لیے مقررہ مقامات کی فہرست سے خارج کرنے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے جمعہ کو عرضی گزار وکیل سواتی سنگھ کو حلف نامے کے ساتھ جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے مرکزی حکومت کے اعتراض کے بعد معاملے کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
سماعت کے دوران مرکزی حکومت اور دہلی پولیس کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عرضی گزار سواتی سنگھ کے تحریری دلائل میں شامل بعض حقائق پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ان حقائق کی صداقت کی ذمہ داری کسی نہ کسی کو قبول کرنی ہوگی، اس لیے جواب حلف نامے کے ساتھ داخل کیا جانا چاہیے۔
سواتی سنگھ کی وکیل مکتا گپتا نے بنچ کو بتایا کہ تحریری دستاویزات میں کوئی متنازع حقائق شامل نہیں ہیں، بلکہ ان میں صرف سابقہ عدالتی فیصلوں اور قانونی اصولوں کی بنیاد پر دلائل پیش کیے گئے ہیں۔
تاہم، عدالت نے واضح کیا کہ کسی بھی حقائق پر مبنی دعوے کی تائید کے لیے حلف نامہ ضروری ہے، تاکہ اس کی درستگی کی ذمہ داری طے کی جا سکے۔
آج کی سماعت کے دوران تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کرنے کے لیے ایک خط جاری کیا گیا تھا، جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار نے 11 اکتوبر کو ایک مستقل حکم نامہ جاری کرکے جنتر منتر کو احتجاجی مظاہروں کے لیے مقررہ مقام کی حیثیت سے خارج کر دیا تھا۔
اس کے بجائے دارالحکومت میں تین متبادل مقامات، رام لیلا میدان، بریاری گراو¿نڈ اور مشرقی دہلی کے سی بی ڈی گراو¿نڈ کو احتجاج کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
وکیل سواتی سنگھ نے اپنی عرضی میں اس فیصلے کو بنیادی حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ