
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے لیے فہرست بندی کے عمل میں ہونے والی ایک بڑی کوتاہی پر عدالت عظمیٰ نے سخت رخ اختیار کیا ہے۔ جمعہ کو سماعت کے دوران عدالت نے اپنے سکریٹری جنرل کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کی تفصیلی داخلی جانچ کریں کہ 2023 میں دائر کی گئی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ایک اہم عرضی، واضح عدالتی حکم کے باوجود تقریباً تین سال تک سماعت کے لیے فہرست میں کیوں شامل نہیں کی گئی۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے اس لاپروائی پر سخت سوالات اٹھائے۔ بنچ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین سال تک اس فائل کو کس نے اپنے پاس رکھا اور یہ کیسے یقینی بنایا گیا کہ معاملہ سماعت کے لیے عدالت کے سامنے نہ آ سکے؟ عدالت اس معاملے کی تہہ تک جائے گی اور ذمہ داروں کا پتہ لگائے گی۔
معاملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بنچ نے کہا کہ یہ عرضی ای ڈی نے دائر کی تھی۔ اس میں ایجنسی نے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے جنوری 2023 میں دیے گئے اس حکم کو چیلنج کیا تھا، جس کے تحت ایک ملزم کو پیشگی ضمانت دی گئی تھی۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف ای ڈی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ رجسٹری کو وضاحت کرنی چاہیے کہ سابقہ عدالتی حکم کے باوجود اس معاملے کو سماعت کے لیے فہرست میں کیوں شامل نہیں کیا گیا۔
اگرچہ بنچ نے ضمانت کے معاملے میں مداخلت کیے بغیر ای ڈی کی عرضی نمٹا دی، لیکن ساتھ ہی معاملے کی فہرست بندی میں ہونے والی کوتاہی کی تحقیقات کا حکم بھی دیا۔
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے اس عرضی پر ابتدائی سماعت کے بعد جولائی 2023 میں نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ نوٹس جاری ہونے اور معاملے کو آئندہ سماعت کے لیے فہرست میں شامل کرنے کے عدالتی حکم کے باوجود یہ عرضی تقریباً تین سال تک رجسٹری میں ہی رکی رہی اور بنچ کے سامنے پیش نہیں ہو سکی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ