
علی گڑھ, 20 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے جے این میڈیکل کالج آڈیٹوریم میں پہلی مرتبہ علی گڑھ میں زیرو دھا ورسٹی کوئز کا انعقاد کیا، جس میں یونیورسٹی کے 9 شعبوں کے 200 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ اس کوئز کے ذریعہ طلبہ نے مالیات، کاروبار، رقم اور سرمایہ کاری سے متعلق اپنی معلومات کا مظاہرہ کیا۔
زیرودھا کے اشتراک سے منعقدہ اس مقابلے کا مقصد مالیاتی خواندگی کو فروغ دینا تھا۔ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی صدر پروفیسر سلمیٰ احمد نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور مالیاتی معلومات کی اہمیت اجاگر کی۔ فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ڈین پروفیسر محمد نوید خان نے کوئز کا افتتاح کیا۔
اس کوئز میں شعبہ شماریات و آپریشنز ریسرچ کی فارحہ رضوی اور بشریٰ رشید اور شعبہ انڈسٹریل کیمسٹری کے ابدال احمد صدیقی نے 12,000 روپے پر مشتمل اوّل انعام حاصل کیا۔ ایم بی بی ایس کے طلبہ محمد عدنان احمد، فضل ربی اور سدھارتھ ایم نے 9,000 روپے کا دوم انعام جیتا، جبکہ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے محمد منہاج الحق، محمد مآزن اور محمد خالد احمد نے 3,000 روپے کاسوئم انعام حاصل کیا۔
زیرو دھا کی مس ارچنا دنیش نے کوئز ماسٹر کی ذمہ داری نبھائی ۔ اس موقع پر زیرودھا کے آپریشنز ایسوسی ایٹ مسٹر دیوک شیٹی بھی موجود تھے۔ صدر شعبہ پروفیسر سلمیٰ احمد کی رہنمائی میں پروفیسر اسد رحمان اور ڈاکٹر طارق عزیز نے طلبہ رضاکاروں کے تعاون سے پروگرام کو مربوط کیا۔
پروگرام کی نظامت فاطمہ اقبال نے کی، جبکہ محمد انس نے کلمات تشکر ادا کیے۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ