
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے ’تہذیبی مکالمے‘ میں جنگ اور بدامنی کے ماحول کے درمیان اتحاد اور امن کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ سلطنتوں نے دنیا کے نقشے بدلے، لیکن ثقافت نے دنیا کے افکار کو بدلنے اور فکری ثروت کو تقویت دینے کا کام کیا ہے۔ ثقافت ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتی ہے اور یہی اس مکالمے کا بنیادی مقصد ہے۔ یہ ایک نئی روایت کا آغاز ہے۔
وزیر اعظم نے پرانا قلعہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالماتی فورم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مشترکہ ثقافت اور تہذیبی ورثہ ہی مختلف ممالک اور معاشروں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ یہ ہندوستان کی طرح ہی پوری دنیا میں بھی تنوع میں اتحاد کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی فلسفے کے پیغام ’تمام جانداروں میں خیرسگالی ہو، دنیا کی فلاح ہو‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا مقصد بھی باہمی ہم آہنگی، تعاون اور عالمی فلاح و بہبود کے جذبے کو مضبوط کرنا ہے۔20 سے 22 نومبر تک منعقد ہونے والے اس مکالمے کا مقصد خطے کے مالا مال اور باہم مربوط تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنا، عوام کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بنانا اور بین ثقافتی مکالمے و تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج جب دنیا میں جنگ اور بدامنی کے درمیان امن کی امیدوں پر بات ہو رہی ہے، ایسے وقت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک تہذیبوں کے باہمی رشتوں اور مکالمے پر غور کر رہے ہیں۔ یہ مکالمہ دنیا کو نئی سمت دینے والا پلیٹ فارم بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک مشترکہ نمائشوں، محققین کے تبادلے کے پروگراموں اور ثقافتی سیاحت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مشترکہ ثقافتی راستے اور ورثے کے سرکٹ بھی تیار کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک دوسرے کی زبان، ادب اور ثقافت سے روشناس ہونے کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے تخلیقی پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ ورثے کو نئی نسل تک پہنچایا جا سکتا ہے اور مقامی فنکاروں کو بھی ان کوششوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اکیسویں صدی کی ٹیکنالوجی نے دنیا میں ثقافتی روابط کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ ایس سی او ممالک کو ان امکانات سے استفادہ کرنا چاہیے۔ عجائب گھروں، کتب خانوں اور محفوظ دستاویزات کے مراکز میں موجود بیش قیمت ورثے کو ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی نسل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ قدیم کتابوں اور مخطوطات کو ڈیجیٹل شکل دینے، ان کے ترجمے اور مشترکہ تحقیق کے ذریعے نئی معلومات سامنے لائی جا سکتی ہیں۔ اس سے ایک ملک میں بیٹھ کر دوسرے ملک کے ثقافتی ورثے کو بہتر طور پر سمجھنا ممکن ہوگا۔
وزیر اعظم نے ہندوستان کے علمی ورثے اور دنیا بھر میں اس کے پھیلاو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تعلیمات جتنی قدیم ہیں،ان میں اتنی ہی عالمگیریت بھی ہے ۔افتتاحی تقریب میں ’تہذیبوں کا مکالمہ۔ ثقافتی پیشکش‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس میں موسیقی، رقص، بصری کہانی گوئی اور بیان کا منفرد امتزاج پیش کیا گیا۔ ’وسودھیو کٹمبکم۔ پوری دنیا ایک خاندان ہے‘ کے موضوع پر مبنی اس پیشکش میں ہندوستان اور یوریشیا کے درمیان ثقافتی روابط کو اجاگر کیا گیا۔
اس فورم میں ہندوستان کے آثار قدیمہ، فنون اور ادبی ورثے کو نمایاں کرنے والی ’وجود- ہمارے وجود کا جوہر‘ کے عنوان سے نمائشیں بھی منعقد کی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد