این آئی اے کی کارروائی میں تیزی: 2026 میں اب تک 82 مقدمات درج، سزا دلانے کی شرح 93 فیصد تک پہنچی
فرضی نوٹس کی تصدیق کے لیے ’پُشٹی‘ پورٹل کا آغاز نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ دہشت گردی اور منظم جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لیے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے تحقیقات، تکنیکی صلاحیتوں اور عدالتی کارروائی کے شعبوں میں کئی اہم اقدامات کیے ہیں
این آئی اے کی کارروائی میں تیزی: 2026 میں اب تک 82 مقدمات درج، سزا دلانے کی شرح 93 فیصد تک پہنچی


فرضی نوٹس کی تصدیق کے لیے ’پُشٹی‘ پورٹل کا آغاز

نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ دہشت گردی اور منظم جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لیے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے تحقیقات، تکنیکی صلاحیتوں اور عدالتی کارروائی کے شعبوں میں کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ ایجنسی نے سال 2026 میں اب تک 82 مقدمات درج کیے ہیں، جبکہ مختلف عدالتوں کے فیصلوں کی بنیاد پر اس کی سزا دلانے کی شرح 93 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

این آئی اے کی 25 خصوصی عدالتیں فعال ہیں، جبکہ مزید 14 عدالتیں قائم کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ فرضی نوٹس اور ڈیجیٹل گرفتاری کے نام پر ہونے والی دھوکہ دہی سے شہریوں کو بچانے کے لیے ایجنسی نے ’پ±شٹی‘ پورٹل بھی شروع کیا ہے۔

جمعہ کو راجدھانی کے راج جی مارگ واقع ڈی آر ڈی او بھون کے ڈاکٹر ڈی ایس کوٹھاری آڈیٹوریم میں منعقدہ سالانہ انسداد دہشت گردی کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل راکیش اگروال نے ایجنسی کی کارکردگی، درج مقدمات، سزا دلانے کی شرح، تربیت، تکنیکی سہولتوں اور ملک کی داخلی و سرحدی سلامتی سے متعلق امور کی تفصیلات پیش کیں۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں این آئی اے نے مجموعی طور پر 80 مقدمات درج کیے تھے، جبکہ 2026 میں اب تک 82 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ان میں مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد سے متعلق 12 مقدمات بھی شامل ہیں۔ ان معاملات کی تحقیقات سپریم کورٹ نے اپنے غیر معمولی آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے این آئی اے کے سپرد کی تھیں۔ اس تشدد کے دوران عدالتی افسران کے کام میں بھی رکاوٹیں پیدا کی گئی تھیں۔

اگروال نے واضح کیا کہ یہ 12 مقدمات خالصتاً دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتے۔ انہیں الگ کر دیا جائے تو سال 2026 میں ایجنسی کے بنیادی دائرہ¿ کار کے تحت دہشت گردی سے متعلق 70 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

سزا دلانے کی شرح 93 فیصد

این آئی اے سربراہ نے بتایا کہ گزشتہ سال تک ایجنسی کی مجموعی سزا دلانے کی شرح 92 فیصد تھی۔ سال 2026 میں اب تک ایجنسی کے 29 مقدمات میں عدالتوں نے حتمی فیصلے سنائے، جن میں سے 27 مقدمات میں ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا۔ اس طرح رواں سال سزا دلانے کی شرح بڑھ کر 93 فیصد ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے یہ شرح مسلسل 90 فیصد سے زیادہ رہی ہے۔ ان مقدمات میں عدالتوں نے 10 مجرموں کو سزائے موت اور 14 کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

خصوصی عدالتوں سے مقدمات کے فیصلوں میں تیزی

این آئی اے سربراہ کے مطابق مقدمات کی جلد سماعت اور فیصلوں کے لیے ملک بھر میں اب تک 25 خصوصی این آئی اے عدالتیں قائم کی جا چکی ہیں۔ ان عدالتوں میں صرف این آئی اے کے مقدمات کی سماعت ہوتی ہے۔

اس سے پہلے ایک ہی عدالت میں این آئی اے کے علاوہ مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور ریاستی پولیس کے مقدمات بھی چلتے تھے، جس کی وجہ سے گواہوں کی گواہی اور سماعت میں تاخیر ہوتی تھی۔

خصوصی عدالتوں کے قیام کے بعد مقدمات کے نمٹانے کی رفتار دو سے تین گنا تک بڑھ گئی ہے۔ پہلے کوئی عدالت ایک ہفتے میں صرف دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر پاتی تھی، جبکہ اب خصوصی عدالتیں پیر سے جمعہ تک این آئی اے کے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے 10 یا اس سے زیادہ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر رہی ہیں۔

فرضی نوٹس اور ڈیجیٹل گرفتاری سے بچاؤ کے لیے ’پُشٹی‘ پورٹل

فرضی نوٹس اور ڈیجیٹل گرفتاری کے معاملات پر بات کرتے ہوئے این آئی اے سربراہ نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لیے آن لائن پورٹل ’پُشٹی‘ کا آغاز کیا۔

ایجنسی کے علم میں آیا تھا کہ جعل ساز این آئی اے کے فرضی نوٹس اور سمن دکھا کر لوگوں کو ڈیجیٹل گرفتاری کا خوف دلاتے ہیں اور ان سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کرتے ہیں۔

اب این آئی اے کے ہر سرکاری نوٹس پر ایک مخصوص شناختی نمبر درج ہوگا اور تمام نوٹس اسی نظام کے ذریعے جاری کیے جائیں گے، تاکہ شہری ان کی اصلیت کی تصدیق کر سکیں۔

لال قلعہ دھماکہ معاملے کی تحقیقات تقریباً مکمل

لال قلعہ دھماکہ معاملے کی تحقیقات کے بارے میں این آئی اے سربراہ نے کہا کہ جانچ تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور عدالت میں ملزمان کے خلاف الزامات طے کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ایجنسی عدالت میں اپنے دلائل مکمل کر چکی ہے، جبکہ فی الحال ملزمان کے وکیل اپنا موقف پیش کر رہے ہیں۔ اس معاملے میں ایک ملزم کو چھوڑ کر کوئی دوسرا اہم ملزم مفرور نہیں ہے۔ مذکورہ ملزم کے افغانستان میں ہونے کی اطلاع ہے۔

کشمیر میں دہشت گردوں کے مددگاروں کی شناخت پر توجہ

جموں و کشمیر میں لشکر طیبہ کے مقامی نیٹ ورک کے خاتمے سے متعلق سوال پر این آئی اے سربراہ نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک شخص کی کارروائی نہیں ہوتی، بلکہ اس کے پیچھے ہتھیار فراہم کرنے والوں، مالی معاونت کرنے والوں اور دہشت گردوں کو پناہ دینے والوں کا پورا نظام کام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مقامی نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے ایجنسی ایسے مددگاروں اور ہمدردوں، یعنی اوور گراو¿نڈ ورکرز، کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کر رہی ہے۔

ان کے مطابق تحقیقات کا بنیادی مقصد دہشت گردانہ سرگرمیوں کی معاونت کرنے والے پورے نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔

میتھیو وین ڈائیک معاملہ

غیر ملکی شہری میتھیو وین ڈائیک کے معاملے پر اگروال نے بتایا کہ وہ اور اس کے ساتھی قانونی ویزا پر ہندوستان آئے تھے، لیکن بعد میں غیر قانونی طریقے سے میانمار کی سرحد پار کرکے وہاں ہندوستانی باغی گروپوں کے ارکان کو تربیت دی۔ اس کے بعد وہ غیر قانونی طور پر دوبارہ ہندوستان میں داخل ہوئے، جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے اور واپس ہندوستان آنے سے متعلق جرم کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور اس سلسلے میں چارج شیٹ بھی داخل کر دی گئی ہے۔

سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے اسمگلنگ بڑا چیلنج

سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ کے بارے میں این آئی اے سربراہ نے کہا کہ کم قیمت والے ڈرون ملک کی سلامتی کے لیے ایک سنگین اور پیچیدہ چیلنج بن گئے ہیں۔

ان کے ذریعے سرحد پار سے منشیات، ہتھیار، نقدی اور دھماکہ خیز مواد ہندوستانی علاقے میں گرایا جا رہا ہے۔ یہ سامان الگ الگ بھی بھیجا جا سکتا ہے اور ایک ساتھ بھی۔

انہوں نے بتایا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ڈرون کے ذریعے دراندازی کے سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں سامنے آئے ہیں۔ ملک کے اندر ڈرون کے غلط استعمال کے مقابلے میں یہ سرگرمیاں زیادہ تر سرحد پار سے انجام دی جا رہی ہیں۔

بیرون ملک چھپے مطلوب مجرموں کی واپسی کے لیے سفارتی تعاون

بیرون ملک چھپے گینگسٹروں اور دہشت گردوں کی حوالگی اور ملک بدری کے بارے میں این آئی اے سربراہ نے کہا کہ ہر ملک ایک خودمختار ریاست ہے اور وہاں کے عدالتی نظام کے تحت کسی مفرور ملزم کو ہندوستان لانے کے لیے ٹھوس ثبوت پیش کرنا ضروری ہوتا ہے۔

لارنس بشنوئی کے نیٹ ورک پر بھی نظر

گجرات کی جیل سے نیٹ ورک چلانے کے مبینہ غیر ملکی دعوو¿ں کے تناظر میں لارنس بشنوئی کے بارے میں پوچھے جانے پر این آئی اے سربراہ نے کہا کہ اس مبینہ غیر ملکی کارروائی کے سلسلے میں کسی سرکاری ذریعے سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی ہے۔

تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ لارنس بشنوئی کے خلاف این آئی اے پہلے ہی مقدمات درج کر چکی ہے اور وہ عدالتی حراست میں ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande