
مدھیہ پردیش کے کونو میں چیتوں کی تعداد میں پھر اضافہ، بوٹسوانا سے لائی گئی مادہ چیتے نے 4 بچوں کو جنم دیا
- ملک میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی، ان میں سے 43 کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی
بھوپال، 20 نومبر(ہ س)۔ ہندوستان میں پروجیکٹ چیتا کے تحت افریقی ممالک سے لاکر بسائے گئے چیتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مدھیہ پردیش کے ضلع شیورپور میں واقع کونو نیشنل پارک سے ایک بار پھر خوش خبری سامنے آئی ہے۔ یہاں بوٹسوانا سے لائی گئی مادہ چیتے کے او ایم جی-3 نے جمعہ کو 4 صحت مند بچوں کو جنم دیا ہے۔ اس کے بعد ملک میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ اطلاع شیئر کی ہے۔ انہوں نے جمعہ کو مادہ چیتے کی بچوں کے ساتھ ایک تصویر اور ویڈیو بھی شیئر کی اور اسے پروجیکٹ چیتا کے لیے ایک تاریخی اور قابل فخر کامیابی قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بوٹسوانا سے لائی گئی ڈھائی سالہ مادہ چیتے کے او ایم جی-3 نے آج کونو نیشنل پارک کے جنگل میں 4 صحت مند بچوں کو جنم دیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان میں چیتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے، جن میں سے 43 چیتوں کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی ہے۔ 4 سال قبل شروع کیا گیا چیتوں کی بحالی کا پروگرام ایک قابل ذکر مثال بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں ہندوستان میں جنگلی حیات کے تحفظ کے عزم کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ مدھیہ پردیش کے لیے یہ خصوصی فخر کی بات ہے۔ اس تاریخی کامیابی پر پروجیکٹ چیتا سے وابستہ تمام جنگلی حیات کے ماہرین، ویٹرنری ڈاکٹروں اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو دلی مبارک باد۔
دوسری جانب مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی بھوپیندر یادو نے بھی ایکس پر مادہ چیتے اور اس کے بچوں کی ویڈیو اور تصویر شیئر کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ بوٹسوانا سے لائی گئی ڈھائی سالہ مادہ چیتے کے او ایم جی-3 نے آج جنگل میں 4 صحت مند بچوں کو جنم دیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ وہ بوٹسوانا سے لائی گئی پہلی ایسی مادہ چیتے ہے جس نے بچوں کو جنم دیا ہے۔ یہ ’پروجیکٹ چیتا‘ کے لیے ایک اہم لمحہ اور ہندوستان میں چیتوں کی آبادی کو دوبارہ آباد کرنے کی سمت میں قابل فخر کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگل میں 4 ماہ سے زیادہ وقت گزارنے کے بعد کے او ایم جی-3 نے اب قدرتی ماحول میں بچوں کو جنم دیا ہے۔ سال 2022 میں چیتوں کو دوبارہ آباد کرنے کا پروگرام شروع ہونے کے بعد جنگل میں بچوں کی پیدائش کا یہ دوسرا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ان 4 نئے بچوں کی پیدائش کے ساتھ ہی ہندوستان میں چیتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے، جن میں 43 ایسے چیتے شامل ہیں جن کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی ہے۔
اس طرح کی ہر پیدائش ہماری امیدوں کو بڑھاتی ہے، ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہے اور ہمیں یاد دلاتی ہے کہ تحفظ کا کام صبر، لگن اور اجتماعی کوششوں پر مشتمل ایک طویل سفر ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے منتظمین، ویٹرنری ڈاکٹروں، محکمہ جنگلات کے میدانی عملے اور ’پروجیکٹ چیتا‘ کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کرنے والے تمام افراد کی انتھک لگن اور سخت محنت شامل ہے۔
چیتا پروجیکٹ کے فیلڈ ڈائریکٹر اتم کمار شرما کے مطابق، ہندوستان میں معدوم ہوچکے چیتوں کو دوبارہ آباد کرنے کے مقصد سے 17 ستمبر 2022 کو کونو نیشنل پارک میں پروجیکٹ چیتا کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے ملک میں چیتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مادہ چیتے کے او ایم جی-3 کے 4 صحت مند بچوں کو جنم دینے کے بعد ملک میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 56 چیتے کونو نیشنل پارک میں ہیں، جبکہ 4 چیتے ضلع مندسور کے گاندھی ساگر پناہ گاہ اور 2 چیتے ضلع ساگر کے نورا دیہی (ویرانگنا درگاوتی ٹائیگر ریزرو) میں موجود ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن