میرواعظ کا بڈگام میں مبینہ سڑے گوشت کی ضبطی پر سوال، پوری سپلائی چین کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ
میرواعظ کا بڈگام میں مبینہ سڑے گوشت کی ضبطی پر سوال، پوری سپلائی چین کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ سری نگر، 20 نومبر (ہ س)۔ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے جمعہ کو سوال اٹھایا کہ بڈگام ریلوے اسٹیشن پر ضبط کیا گیا تقریباً 16 سو کلو گرام سڑا ہوا گ
Mirwaiz addressing the Friday congregation at historic Jama Masjid in Srinagar.


میرواعظ کا بڈگام میں مبینہ سڑے گوشت کی ضبطی پر سوال، پوری سپلائی چین کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ

سری نگر، 20 نومبر (ہ س)۔ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے جمعہ کو سوال اٹھایا کہ بڈگام ریلوے اسٹیشن پر ضبط کیا گیا تقریباً 16 سو کلو گرام سڑا ہوا گوشت، جو مبینہ طور پر دہلی سے لایا جا رہا تھا، سینکڑوں کلومیٹر کا سفر کیسے طے کر گیا۔ انہوں نے پوری سپلائی چین کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غذائی اشیاء میں ملاوٹ اور سڑے ہوئے گوشت کی بار بار برآمدگی عوامی جوابدہی کے نظام اور غذائی تحفظ کے نفاذ میں سنگین خامیوں کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے ریلوے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا، تاہم پوچھا کہ جلد خراب ہونے والی اتنی بڑی کھیپ بغیر کسی مؤثر جانچ پڑتال اور حفاظتی اقدامات کے کیسے پہنچ گئی۔ انہوں نے سوال کیا: ’’یہ گوشت کس نے روانہ کیا تھا، کشمیر میں اسے کس کے حوالے کیا جانا تھا اور اسے کہاں تقسیم کرنے کا منصوبہ تھا؟ کیا اس کھیپ کو درست تفصیلات کے ساتھ منتقل کیا جا رہا تھا اور اس کی لازمی جانچ پڑتال کیوں نہیں کی گئی؟‘‘ میرواعظ نے کہا کہ محض سڑا گوشت ضبط کر کے اسے تلف کر دینا کافی نہیں، بلکہ اس کاروبار میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی کر کے انہیں بے نقاب کیا جانا چاہیے اور قانون کے مطابق سخت سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے گزشتہ سال ہزاروں کلو گرام سڑا ہوئے گوشت کی ضبطی اور نمونے فرانسک لیبارٹری بھیجے جانے کے بعد شروع کی گئی تحقیقات کے انجام پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں گے، لیکن رپورٹ اب تک منظر عام پر کیوں نہیں آئی۔

قانون ساز اسمبلی میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے مالی سال کے دوران دسمبر 2025 تک 12,183 کلو گرام سے زائد سڑا ہوا گوشت تلف کیا گیا، جبکہ جموں اور سانبہ میں 7,665 کلو گرام غیر معیاری پنیر ضبط کیا گیا۔ ان کے مطابق ایسے مسلسل واقعات سے عوام میں تشویش پھیل رہی ہے اور غذائی تحفظ کے نظام پر ان کا اعتماد متزلزل ہو رہا ہے۔

غذائی تحفظ کے نفاذ میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے رپورٹوں کا حوالہ دیا کہ جموں و کشمیر کے 20 اضلاع میں صرف 68 فوڈ سیفٹی افسران تعینات ہیں۔ دونوں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں ہر ایک کی 19 منظور شدہ تکنیکی آسامیوں میں سے 11 خالی ہیں، جبکہ 12 موبائل ٹیسٹنگ گاڑیاں عملے کی کمی کے باعث مؤثر طور پر کام نہیں کر پا رہی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا: ’’جب غذائی اشیاء کی جانچ اور نگرانی کے ذمہ دار ادارے خود عملے کی اس قدر سنگین کمی کا شکار ہوں تو عوام کی صحت کا تحفظ کیسے ممکن ہے؟‘‘ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ خالی آسامیاں پُر کی جائیں، لیبارٹریوں کو مضبوط بنایا جائے، موبائل ٹیسٹنگ گاڑیوں کو فعال کیا جائے اور بازاروں، ریلوے کے ذریعے آنے والی کھیپوں اور غذائی اشیاء کی نقل و حمل کی باقاعدہ جانچ یقینی بنائی جائے۔

میرواعظ نے بیرون ریاست سے آنے والے گوشت کے حلال ہونے کی صداقت پر عوام میں بڑھتی بے چینی کا ذکر کرتے ہوئے اس کے ماخذ، ذبح کے طریقہ کار اور حلال سرٹیفکیشن کی شفاف تصدیق کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر یقینی صورتحال سے ریستوران، ہوٹل اور مہمان نوازی کا شعبہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ مقامی خود کفالت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کشمیر گوشت اور دیگر بنیادی غذائی ضروریات کے لیے بیرونی منڈیوں پر اتنا انحصار کیوں کر رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح 26.2 فیصد اور قومی اوسط 15.3 فیصد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے حکومت سے بھیڑ بکری پالنے، پولٹری اور متعلقہ کاروبار کو مالی معاونت، تربیت اور منڈیوں تک رسائی کے ذریعے فروغ دینے کی اپیل کی۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ مجلس علماء نے جموں و کشمیر اور لداخ کی مساجد میں آج کے مشترکہ خطبۂ جمعہ کے لیے ’’غذائی ملاوٹ، اخلاقی زوال اور اجتماعی ذمہ داری‘‘ کا موضوع منتخب کیا تھا۔ قرآن مجید کی ہدایت حلال و طیب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام میں غذا کا محض حلال ہونا کافی نہیں، اس کا پاکیزہ، صحت بخش اور محفوظ ہونا بھی ضروری ہے۔

اخلاقی پہلو پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’آخر ہم کس قسم کا معاشرہ تشکیل دے رہے ہیں جہاں ہمارے ہی بعض افراد چند اضافی پیسوں کے لالچ میں دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے بھی دریغ نہیں کرتے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ذمہ داری حکومت اور کاروباری طبقے کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے پر بھی عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہمیں حکام سے جوابدہی، کاروباری طبقے سے دیانت داری اور معاشرے سے اخلاقی راست روی درکار ہے۔‘‘

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ


 rajesh pande