دہلی یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد: پیوش گوئل نے بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعہ کو دہلی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے آگے بڑھنے اور 2047 تک بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف میں اپنا کردار ادا کرن
دہلی یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد: پیوش گوئل نے بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی


نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعہ کو دہلی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے آگے بڑھنے اور 2047 تک بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

پیوش گوئل دہلی یونیورسٹی کے 103ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ملک کی معاشی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی انتہائی غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بن کر ابھرا ہے۔ ایک دہائی قبل ملک میں اسٹارٹ اپس کی تعداد چند سو تھی، جو اب بڑھ کر ڈھائی لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 130 سے زیادہ یونیکورن کمپنیاں بھی شامل ہیں۔

مرکزی وزیر نے فارغ التحصیل طلبہ کو ان کی کامیابیوں پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور آئندہ کوششوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستانی نوجوان اب صرف ملازمت تلاش کرنے والے نہیں، بلکہ دوسروں کو روزگار فراہم کرنے والے بن رہے ہیں۔ ان میں نئے تجربات کرنے، ناکامیوں سے سبق سیکھنے اور نئے چیلنجوں کا سامنا کرنے کا حوصلہ موجود ہے۔

دہلی یونیورسٹی کے 104 سالہ سفر کا ذکر کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ یونیورسٹی کا دائرہ بڑھ کر 90 کالجوں اور چھ لاکھ سے زیادہ طلبہ تک پہنچ چکا ہے۔ اپنے 103 سالہ دور میں یونیورسٹی نے کبھی اپنا جلسہ تقسیم اسناد منعقد کرنے کی روایت نہیں توڑی۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریک، دوسری عالمی جنگ اور کووڈ-19 وبا کے دوران بھی دہلی یونیورسٹی نے اپنی اس روایت کو برقرار رکھا۔

گوئل نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا ان کے لیے دوہری خوشی اور اعزاز کی بات ہے، جہاں 400 سے زیادہ ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں، 1.7 لاکھ سے زائد بیچلر اور ماسٹر ڈگریاں اور 160 سے زیادہ گولڈ میڈل تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

مرکزی وزیر نے فارغ التحصیل طلبہ کو محروم اور سماج کے پسماندہ طبقات کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبہ کا مستقبل ان لوگوں سے بھی وابستہ ہے جنہیں ان کے برابر مواقع میسر نہیں آ سکے۔

انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو دوسروں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کریں، کیونکہ کسی ایک شخص کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے سے جو اطمینان حاصل ہوتا ہے، اس کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande