
علی گڑھ، 20 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کلچرل ایجوکیشن سینٹر کے ڈرامہ کلب اور فلم کلب کے اشتراک سے 16 سے 19 نومبر تک تخلیقی اظہار اور مختصر فلم سازی پر چار روزہ ورکشاپ منعقد کی گئی۔ معروف ڈرامہ نگار، ہدایت کار اور پروڈیوسر و اے ایم یو کے سابق طالب علم سیف حیدر حسن نے طلبہ کو فلم سازی کے مختلف مراحل سے متعلق عملی تربیت اور رہنمائی فراہم کی۔
ورکشاپ کا افتتاح کلچرل ایجوکیشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر پروفیسر ایم رضوان خان نے کینیڈی آڈیٹوریم میں کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد شرجیل چودھری، پروفیسر فاروق احمد ڈار اور پروفیسر وبھا شرما بھی موجود رہے۔
ورکشاپ کے دوران طلبہ کو کہانی کے خیال کو اسکرپٹ میں تبدیل کرنے، کرداروں اور مکالموں کی تشکیل، کیمرہ اینگل، اداکاری، شوٹنگ اور ایڈیٹنگ کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا۔ طلبہ نے یونیورسٹی کیمپس کے مختلف مقامات پر اپنی مختصر فلموں کی شوٹنگ کی اور بعد میں ان کی ایڈیٹنگ بھی خود انجام دی۔
آخری روز کلچرل ایجوکیشن سینٹر کے وزڈم ہال میں طلبہ کی تیار کردہ چھ مختصر فلموں کی نمائش کی گئی۔ سیف حیدر حسن نے فلموں کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کو ان کی خوبیوں اور بہتری کے پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایم رضوان خان نے کہا کہ کلچرل ایجوکیشن سنٹر کا مقصد طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے اور ایسی ورکشاپس کو کیمپس کی باقاعدہ سرگرمیوں کا حصہ بننا چاہیے۔
سیف حیدر حسن نے کہا کہ نوجوانوں تک اپنے تجربات منتقل کرنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو واپس آکر طلبہ کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے گھر واپسی جیسا احساس تھا۔ انہوں نے نوجوانوں کے نئے خیالات اور تخیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ ان کے لیے بھی سیکھنے کا ایک اہم تجربہ رہی۔
یونیورسٹی فلم کلب کے صدر پروفیسر فاروق احمد ڈار نے کہا کہ ورکشاپ نے طلبہ کو کہانی کار، اسکرپٹ رائٹر اور ہدایت کار کے طور پر کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ڈرامہ کلب کی مینٹور پروفیسر وبھا شرما نے اسے دونوں کلبوں کے باہمی اشتراک کی عمدہ مثال قرار دیا۔
اس موقع پر یونیورسٹی فلم کلب کے مینٹور ڈاکٹر محمد حنیف احمد، ڈرامہ کلب کے صدر ڈاکٹر محمد شرجیل چودھری، ڈاکٹر عمار ابن انور، ڈاکٹر سید کلیم افروغ زیدی، ڈاکٹر انور احمد اور ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن انصاری بھی موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ