بنگلہ دیش: وزیر مملکت برائے خارجہ امور کے گھر کے باہر آتش زنی، این سی پی رہنما کی رہائش گاہ پر بم حملہ
ڈھاکہ، 20 نومبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے درمیان آتش زنی اور بم حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے حالات پر قابو پانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی دسمبر میں وطن واپسی کے اعل
BD-KABIR-HOUSE-ARSON-BOMBING


ڈھاکہ، 20 نومبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے درمیان آتش زنی اور بم حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے حالات پر قابو پانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی دسمبر میں وطن واپسی کے اعلان کے بعد سے ان کی جماعت عوامی لیگ اور حکمراں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے کارکنوں اور حامیوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ تازہ واقعات میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر کی رہائش گاہ کے باہر آتش زنی اور نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے ایک رہنما کے گھر پر پیٹرول بم سے حملہ شامل ہے۔

بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جمعہ کی علی الصبح سلہٹ شہر کے دریاپارہ علاقے میں وزیر مملکت ہمایوں کبیر کے گھر جانے والی گلی کے مرکزی دروازے پر کچھ لوگوں نے آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 3:30 بجے پیش آیا، تاہم اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

سلہٹ میٹروپولیٹن پولیس کے افسر محمد افضل حسین نے بتایا کہ حملہ آوروں نے گلی کے مرکزی دروازے کے اندر پالیتھین جیسی چیزوں کو آگ لگائی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ”اس واقعے میں کسی دیسی بم یا پیٹرول بم کا استعمال نہیں کیا گیا۔“ پولیس آس پاس کے علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، اس مکان میں وزیر مملکت کے چچا اور خاندان کے دیگر افراد رہتے ہیں۔ ہمایوں کبیر سلہٹ آنے پر اسی گھر میں قیام کرتے ہیں۔ واقعے کے بعد سلہٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین رضاءالحسن کویس لُدھی نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔

دوسری جانب، این سی پی سے وابستہ تنظیم ’جاتییہ سوئچھاسیوک شکتی‘ کے کنوینر اور امتیازی سلوک مخالف طلبہ تحریک کے سابق کوآرڈینیٹر ماہین سرکار کے آبائی گاو¿ں میں واقع مکان پر پیٹرول بم پھینکا گیا۔ جمعرات کی رات تقریباً 9:30 بجے پیش آئے اس واقعے میں گھر کے داخلی دروازے پر آگ لگ گئی۔ واقعے کے وقت ماہین ڈھاکہ میں تھے، جبکہ ان کے بیمار والدین گھر میں موجود تھے۔ ماہین سرکار نے الزام لگایا ہے کہ عوامی لیگ کے ارکان کافی عرصے سے ان کے گھر کو آگ لگانے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق، 7 سے 18 نومبر کے درمیان بنگلہ دیش میں 78 مقامات پر دیسی بم دھماکے ہوئے، جبکہ 74 گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ان واقعات کے سلسلے میں ملک بھر میں 38 مقدمات درج کیے گئے اور 63 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس دوران پولیس کے تین اداروں پر بھی حملے اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے۔19 نومبر کو بھی ملک کے 16 اضلاع میں سرکاری و نجی اداروں اور گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے۔ ان میں گوپال گنج میں بی این پی کے ایک رکن پارلیمنٹ کی رہائش گاہ پر حملہ بھی شامل ہے۔

حکام کے مطابق، حملہ آور اہم سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خفیہ ایجنسیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں پولیس اسٹیشنوں اور دیگر اہم سرکاری تنصیبات پر مزید حملے ہو سکتے ہیں۔ اس کے پیش نظر اہم اداروں اور شاہراہوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

پولیس ہیڈکوارٹر کی ترجمان قمرم منیرہ نے کہا ہے کہ ”اگر کوئی شخص کسی ممنوعہ تنظیم کے پروگراموں کی آڑ میں امن و قانون کی صورت حال خراب کرنے، عوامی تحفظ میں رکاوٹ ڈالنے یا توڑ پھوڑ اور تشدد کی کوشش کرتا ہے تو اس کے خلاف موجودہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔“

ادھر، ڈھاکہ کے صنعتی علاقے غازی پور میں بھی کشیدگی برقرار ہے۔ غازی پور میٹروپولیٹن پولیس نے احتجاج کرنے والے ملازم رہنماو¿ں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے الزامات میں 80 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر محمد عاشق سعید نے اس کی تصدیق کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande