
علی گڑھ، 20 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ زولوجی نے دو ممتاز اساتذہ پروفیسر حسام الدین فاروقی اور پروفیسر نوشابہ مراد کی علمی خدمات کے اعتراف میں ایک اعزازی تقریب منعقد کی جس میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور بہی خواہان نے شرکت کرکے دونوں ممتاز پروفیسرز کے علمی سفر اور ان کی دیرپا خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے شعبہ کی صدر پروفیسر قدسیہ تحسین نے بطور استاد اور رہنما دونوں معزز فیکلٹی ممبران کے گہرے اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد کا حقیقی ورثہ ان اقدار، حکمت و دانش اور تحریک میں زندہ رہتا ہے جو وہ نسل در نسل منتقل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی شناخت محض ان کی دستیابیوں سے نہیں بلکہ ان ممتاز شخصیات سے بھی ہوتی ہے جن کی خدمات ان کی تاریخ کا مستقل حصہ بن جاتی ہیں۔
تقریب کا سب سے یادگار حصہ دونوں اساتذہ کے ساتھ تبادلہ خیال تھا۔ ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے پروفیسر حسام الدین فاروقی اور پروفیسر نوشابہ مراد نے ادارے سے اپنی وابستگی، یادگار واقعات، علمی تجربات اور ان لمحات کا ذکر کیا جنہوں نے ان کے پیشہ ورانہ سفر کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ شعبہ سے وابستہ ایک دیگر ممتاز شخصیت پروفیسر محمد حیات (ریٹائرڈ) نے دونوں معزز اساتذہ کو گلدستے اور یادگاری تحائف پیش کئے۔
ڈاکٹر بچن علی خان نے اپنے زمانہ طالب علمی کی خوشگوار یادیں تازہ کرتے ہوئے دونوں پروفیسرز کے ساتھ اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے طلبہ کو ان کی لگن، علمی بصیرت اور تدریسی پیشے سے وابستگی سے تحریک حاصل کرنے کی تلقین کی۔
فیکلٹی آف لائف سائنسز کے ڈین پروفیسر جمال اے خان نے بھی اپنی ذاتی یادیں اور پیشہ ورانہ تجربات بیان کرتے ہوئے دونوں معزز اساتذہ کی خدمات کو اجاگر کیا۔ پروگرام کی نظامت سروش غالب نے کی، جبکہ پروفیسر جی جی اے شاداب نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ