
۔نائب وزیر اعلیٰ نے لکھنؤ واقع اپنی رہائش گاہ پر ریاست بھر سے آئے فریادیوں کی شکایات سنیں، افسران کو فوری ازالے کی ہدایت
لکھنؤ، 2 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے پیر کو لکھنؤ واقع اپنی رہائش گاہ پر عوامی سماعت کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے لوگوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنی شکایات اور مسائل نائب وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کیے۔ انہوں نے ہر معاملے کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری ضروری کارروائی کرنے اور شکایات کا مقررہ وقت میں معیاری طریقے سے ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کے مسائل حل کرنے میں کسی بھی طرح کی لاپروائی یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہر شکایت پر حساسیت کے ساتھ کارروائی کی جائے، تاکہ لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے بار بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
عوامی اطمینان ہی انتظامی کاموں کی بنیاد
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی ہمارا عزم ہے اور لوگوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کا مقصد ہے کہ ہر شہری کی بات سنی جائے اور اس کے مسئلے کا غیر جانب دارانہ اور مؤثر حل یقینی بنایا جائے۔ عوامی سماعت عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہ راست رابطے کا ایک مو¿ثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران عوامی شکایات کو محض رسمی کارروائی نہ سمجھیں، بلکہ ہر معاملے میں ذاتی دلچسپی لے کر اس کا مناسب حل نکالیں۔ شکایات کے ازالے کے دوران شفافیت، جواب دہی اور حساسیت کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے فریادیوں سے دوستانہ انداز میں بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
برجیش پاٹھک نے دہرایا کہ ’سب کی خدمت، سب کا احترام‘ کے بنیادی اصول کے ساتھ ریاستی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے افسران سے توقع ظاہر کی کہ وہ عوامی مسائل کا ترجیحی بنیاد پر فوری، مو¿ثر اور معیاری ازالہ یقینی بنائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد