سمندری طوفان ’مرسو‘ کا خطرہ، چنئی اور تروولور میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری
چنئی، 2 نومبر(ہ س)۔ خلیج بنگال میں سمندری طوفان ’مرسو‘ بننے کے بعد تمل ناڈو کے چنئی اور تروولور اضلاع میں انتہائی شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دی
سمندری طوفان ’مرسو‘ کا خطرہ، چنئی اور تروولور میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری


چنئی، 2 نومبر(ہ س)۔ خلیج بنگال میں سمندری طوفان ’مرسو‘ بننے کے بعد تمل ناڈو کے چنئی اور تروولور اضلاع میں انتہائی شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ وہیں، ریاستی محکمہ آفاتِ سماوی نے حفاظتی اقدامات کے تحت کئی احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، جنوب مغربی اور اس سے متصل جنوب مشرقی خلیج بنگال میں بنا گہرا دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے۔ شمال مشرقی مانسون کے موجودہ موسم میں یہ دوسرا سمندری طوفان ہے، جسے ’مرسو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ فی الحال یہ طوفان چنئی سے تقریباً 560 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق اور آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم سے تقریباً 660 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے۔

تمل ناڈو ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن ایجنسی (ٹی این ڈی آر آر اے) کے کمشنر برائے محکمہ محصولات، انتظامیہ اور آفاتِ سماوی چندر موہن نے بتایا کہ طوفان کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ فی الحال اس کے جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل کی جانب بڑھنے کی اطلاع ہے۔ آئندہ چند دنوں تک شمالی تمل ناڈو میں شدید بارش، تیز ہواؤں اور سمندر میں اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ساحل سمندر اور ساحلی سڑکوں سے دور رہیں۔ اس کے علاوہ پانی جمع ہونے والے علاقوں اور انڈر پاس میں جانے سے گریز کریں۔ شہریوں کو گھروں میں پینے کا پانی، ضروری دوائیں، ٹارچ، پاور بینک اور چارج شدہ موبائل فون تیار رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ نے لوگوں کو چھتوں اور بالکونی میں رکھی ڈھیلی اشیا کو محفوظ کرنے اور نالیوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ موسم سے متعلق معلومات کے لیے صرف محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)، ٹی این ڈی آر آر اے اور ضلعی انتظامیہ کی سرکاری اطلاعات پر ہی بھروسہ کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریاستی ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر 1070 اور ضلعی ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر 1077 جاری کیے گئے ہیں۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں، محتاط رہیں اور جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande