
نئی دہلی، 2 نومبر(ہ س)۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے تین باغی ارکان اسمبلی کنور وجے پرتاپ سنگھ، چیتن سنگھ جوراماجرا اور ہرمیت سنگھ پٹھانماجرا پیر کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔
تینوں رہنماؤں نے نئی دہلی میں بی جے پی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور پنجاب کے انچارج ستیش پونیا، پنجاب بی جے پی کے صدر کیول سنگھ ڈھلوں اور بی جے پی رہنما وریندر سچدیوا موجود تھے۔
اس سے قبل اتوار کے روز چیتن سنگھ جوراماجرا اور ہرمیت سنگھ پٹھانماجرا نے عام آدمی پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہیں کنور وجے پرتاپ سنگھ نے پیر کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔کنور وجے پرتاپ سنگھ امرتسر نارتھ اسمبلی حلقے سے منتخب ہوئے تھے۔ وہ سابق آئی پی ایس افسر بھی ہیں۔ چیتن سنگھ جوراماجرا سمانا اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی ہیں اور پنجاب میں کابینی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ ہرمیت سنگھ پٹھانماجرا سنور اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تین ارکان اسمبلی کا بی جے پی میں شامل ہونا عام آدمی پارٹی کے لیے تنظیمی اور سیاسی چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan