
جموں, 2 نومبر (ہ س): جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزراء کو جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے، عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور موسم سرما کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے پیر کے روز سول سکریٹریٹ جموں میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انتظامی امور اور ترقیاتی ترجیحات کا جائزہ لیا۔ یہ میٹنگ دربار موو کے بعد سرینگر سے جموں میں سرکاری دفاتر کی منتقلی اور دوبارہ کام کاج شروع ہونے کے فوراً بعد منعقد ہوئی۔
اس موقع پر عمر عبداللہ نے حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے وزراء کو اپنے اپنے محکموں کے کام کا فوری جائزہ لینے، زیرِ تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اور عوامی شکایات کے ازالے کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعمیراتی اور ترقیاتی سرگرمیوں کا موسم اختتام کے قریب ہے، اس لیے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بالخصوص دور دراز علاقوں میں موسم سرما کے پیش نظر مناسب انتظامات کرنے اور ضروری اشیائے خوردونوش کا وافر ذخیرہ دستیاب رکھنے پر زور دیا۔انہوں نے محکموں کو ہدایت دی کہ بجٹ سے متعلق تجاویز مقررہ وقت کے اندر اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جائیں تاکہ بجٹ سازی میں لوگوں کی امنگوں، ترجیحات اور ضروریات کی مناسب عکاسی ہو سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / محمد اصغر