ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ ریلی میں انڈین یونین مسلم لیگ کی بھرپور شرکت
مولانا نثار احمد نقشبندی کا عزم: جمہوریت اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد آخری دم تک جاری رہے گی نئی دہلی،02نومبر (ہ س )۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے مرکزی دفتر قائدِ ملت سینٹر، دریا گنج سے دہلی پردیش کے سینکڑوں کارکنان نے ریاستی صدر مولانا نثار
ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ ریلی میں انڈین یونین مسلم لیگ کی بھرپور شرکت


مولانا نثار احمد نقشبندی کا عزم: جمہوریت اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد آخری دم تک جاری رہے گی

نئی دہلی،02نومبر (ہ س )۔

انڈین یونین مسلم لیگ کے مرکزی دفتر قائدِ ملت سینٹر، دریا گنج سے دہلی پردیش کے سینکڑوں کارکنان نے ریاستی صدر مولانا نثار احمد نقشبندی کی قیادت میں رام لیلا میدان کی جانب مارچ کیا۔ راہل گاندھی کی اپیل پر منعقدہ ”ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ“ ریلی میں شرکت کرتے ہوئے مسلم لیگ کے کارکنان نے جمہوریت کے تحفظ، حقِ رائے دہی کی سلامتی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کی حمایت میں اپنی آواز بلند کی۔

اس موقع پر دہلی پردیش صدر مولانا نثار احمد نقشبندی کے ہمراہ ریاستی جنرل سکریٹری خورّم انیس عمر، محمد عتیب، عمران اعجاز، دہلی پردیش سکریٹری آصف انصاری، نور شمس سمیت پارٹی کے متعدد عہدیداران اور سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔ تمام کارکنان مرکزی دفتر سے قافلے کی شکل میں رام لیلا میدان پہنچے اور انڈیا اتحاد کی جانب سے منعقدہ ریلی میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

اس موقع پر دہلی پردیش صدر مولانا نثار احمد نقشبندی نے کہا کہ آج ہمارا ملک ایک بار پھر سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ جس طرح ہمارے بزرگوں نے انگریزوں کی غلامی سے ملک کو آزاد کرانے کے لیے جدوجہد کی تھی، آج اس سے بھی زیادہ اہم اور نازک لڑائی لڑنے کی ضرورت ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس وقت غیر ملکی حکمرانوں سے مقابلہ تھا، لیکن آج اپنے ہی ملک میں ہندوستانیوں کو ان کے بنیادی جمہوری اور دستوری حقوق سے محروم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے شہریوں کو ان کے حقِ رائے دہی اور شہریت سے متعلق حقوق سے محروم کرنے کی کوششیں جمہوریت کی بنیادوں کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں۔ یہ کسی ایک سیاسی جماعت یا تنظیم کی لڑائی نہیں، بلکہ ملک کے آئین، جمہوری نظام اور ہر شہری کے وقار و حقوق کے تحفظ کی لڑائی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں، سماجی تنظیمیں اور باشعور شہری متحد ہوکر اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔

مولانا نقشبندی نے مزید کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ ہمیشہ سے قومی یکجہتی، سیکولر اقدار، جمہوری روایات اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ مسلم لیگ انڈیا اتحاد کا ایک اہم حصہ ہے اور اتحاد کے ساتھ مل کر مختلف ریاستوں میں جمہوری حکومتوں کے قیام میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی سیاست کا بنیادی مقصد آئین، جمہوریت، قومی یکجہتی اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب کا تحفظ ہے۔

آخر میں مولانا نثار احمد نقشبندی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ جمہوریت اور شہری حقوق کے تحفظ کی اس لڑائی میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ملک کی سالمیت، اتحاد، سیکولرزم اور جمہوری نظام کی بقا کے لیے پارٹی آخری دم تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande