سمندری طوفان ’مراسو‘کے آج نصف شب کے بعد آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ
نئی دہلی، 2 نومبر (ہ س)۔ خلیج بنگال میں سرگرم شدید سمندری طوفان ’مراسو‘ تیزی سے جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس کے آج نصف شب سے کل منگل کی علی الصبح کے درمیان نیلور اور نرساپور کے درمیان اونگول کے جنوب میں ساحل سے ٹکرانے کا قوی ام
IMD-MANSOON-RAIN-INDIA


نئی دہلی، 2 نومبر (ہ س)۔ خلیج بنگال میں سرگرم شدید سمندری طوفان ’مراسو‘ تیزی سے جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس کے آج نصف شب سے کل منگل کی علی الصبح کے درمیان نیلور اور نرساپور کے درمیان اونگول کے جنوب میں ساحل سے ٹکرانے کا قوی امکان ہے۔ اس دوران طوفان کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے اور تیز جھکڑوں کے ساتھ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔

ہندوستانی موسمیات محکمہکے مطابق گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب-شمال مغرب کی سمت آگے بڑھا ہے۔ 2 نومبر کی صبح 8 بج کر 30 منٹ پر یہ مغربی وسطی خلیج بنگال میں 14.1 ڈگری شمالی عرض البلد اور 81.4 ڈگری مشرقی طول البلد پر مرکوز تھا۔ یہ نیلور سے تقریباً 160 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق، چنئی سے 180 کلومیٹر شمال مشرق اور اونگول سے 210 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔

سمندری طوفان کے اثر سے یکم سے 4 نومبر کے درمیان ساحلی آندھرا پردیش کے کئی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر 204 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔ 2 اور 3 نومبر کو اس کا اثر سب سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ایلورو، کرشنا، این ٹی آر، مغربی گوداوری، گنٹور، باپٹلا، نیلور اور پرکاشم اضلاع میں تیز بارش کا خدشہ ہے۔ تلنگانہ میں 2 نومبر سے بارش کی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔ 3 نومبر کو ریاست کے بعض علاقوں میں انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے۔ مشرقی اور جنوبی اضلاع میں اس کا اثر زیادہ رہنے کا اندیشہ ہے۔

دوسری جانب تمل ناڈو اور پڈوچیری میں یکم سے 3 نومبر کے درمیان درمیانی سے شدید بارش ہوسکتی ہے۔ چنئی، تروولور، چنگل پٹو، کانچی پورم، پڈوچیری اور کاری کال میں بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ہے۔

طوفان کے اثر سے جنوبی اڈیشہ کے گجپتی، گنجام، کوراپٹ اور رائے گڑھ اضلاع میں 2 سے 4 نومبر کے درمیان شدید سے بہت شدید بارش ہوسکتی ہے۔ جنوبی چھتیس گڑھ میں 2 نومبر کو شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ 3 اور 4 نومبر کو بارش کی سرگرمیاں مزید تیز ہوسکتی ہیں۔اس کے علاوہ مدھیہ پردیش، کونکن، گوا اور مغربی مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔

شمال مشرقی ہندوستان کی ریاستوں آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 5 نومبر تک ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ وہیں 2 نومبر کے آس پاس اروناچل پردیش کے بعض علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے

متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہونے اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔

ہندوستھا ن سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande