
نئی دہلی، 02 نومبر (ہ س)۔
مرکزی حکومت نے ملک میں غیر ملکی شہریوں کی رجسٹریشن اور امیگریشن سے متعلق خدمات کو مزید آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر (ایف آر آر او) کے دائرہ¿ کار میں تیزی سے توسیع شروع کر دی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے سال 2027 تک تمام ریاستوں کے دارالحکومتوں میں ایف آر آر او قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ملک میں ان دفاتر کی تعداد بڑھ کر 20 ہو گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق سال 2025 سے اب تک پانچ نئے ایف آر آر او دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں جے پور، چنڈی گڑھ اور گوہاٹی میں سال 2025 کے دوران دفاتر شروع کیے گئے تھے۔ وہیں اس سال میزورم کے دارالحکومت آیزول اور آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی میں دو نئے دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ناگالینڈ کے دارالحکومت کوہیما، تریپورہ کے دارالحکومت اگرتلہ اور اوڈیشہ کے دارالحکومت بھونیشور میں تین نئے ایف آر آر او دفاتر قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے جے پور، چنڈی گڑھ اور گوہاٹی بالترتیب دہلی، امرتسر اور کولکاتا میں واقع ایف آر آر او دفاتر کے دائرہ اختیار میں آتے تھے۔ اسی طرح آیزول، کولکاتا اور امراوتی، حیدرآباد میں واقع ایف آر آر او کے ماتحت تھے۔ کوہیما اور اگرتلہ بھی کولکاتا جبکہ بھونیشور حیدرآباد کے دفتر کے دائرہ اختیار میں آتا تھا۔
اب ملک میں 20 ایف آر آر او دفاتر احمد آباد، امراوتی، امرتسر، آیزول، اگرتلہ، بنگلورو، بھونیشور، کالی کٹ، چنئی، کوچی، چنڈی گڑھ، دہلی، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکاتا، کوہیما، کوزیکوڈ، لکھنو¿، ممبئی اور ترواننت پورم میں کام کر رہے ہیں۔
وزارت کے مطابق بہار، گوا، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، اروناچل پردیش، منی پور اور میگھالیہ میں بھی ایف آر آر او قائم کرنے کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ان دفاتر کی توسیع سے سیاحت، علاج اور تعلیم کے مقصد سے ہندوستان آنے والے غیر ملکی شہریوں کو ویزا کی مدت میں توسیع، ویزا کی تبدیلی، رجسٹریشن اور امیگریشن سے متعلق دیگر خدمات مقامی سطح پر فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ