
علی گڑھ, 19 نومبر (ہ س) فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ تشریح و منافع الاعضاء نے پوسٹ گریجویٹ اسکالرز میں سائنسی تحقیق و تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے مزاج ریسرچ کلب قائم کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تعارفی پروگرام میں طلبہ کو کلب کے وژن، مقاصد اور مجوزہ سرگرمیوں سے واقف کرایا گیا اور کلاسیکی یونانی تصورات کو عصری سائنسی تحقیقی طریق ہائے کار کے ساتھ مربوط کرنے پر زور دیا گیا۔
شعبہ منافع الاعضاء کے چیئرمین کیپٹن پروفیسر فاروق احمد ڈار نے یونانی طب میں مزاج کی علمی و تحقیقی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسکالرز کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ منظم سائنسی تحقیق کے ذریعہ کلاسیکی تصورات کا جائزہ لیں۔
کلب کی صدر ڈاکٹر صبا زیدی نے اس کی مجوزہ سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کیں، جن میں جرنل کلب کے اجلاس، تحقیقی طریق ہائے عمل پر ورکشاپ، مزاج کی تشخیص، تحقیقی تصورات کے مقابلے، طلبہ کے تحقیقی منصوبے اور تحقیقی مقالوں کی پیشکش شامل ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تحقیقی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔ کلب کی سکریٹری ڈاکٹر اُشنا نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ