
لکھنؤ، 19 نومبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور اتر پردیش اقلیتی کمیشن کے چیئرمین محسن رضا نے ’امید‘ ایکٹ کے تحت ’اتر پردیش مربوط وقف انتظام، بااختیاری، کارکردگی اور ترقی ضابطہ کار 2026‘ کو کابینہ کی منظوری ملنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش اس ضابطہ کار کو منظوری دینے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ یہ فیصلہ وقف املاک کے انتظام میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر حکمرانی یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
جمعرات کو جاری اپنے بیان میں محسن رضا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بنائے گئے ’امید‘ ایکٹ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہنمائی میں تیار کیے گئے ضابطہ کار سے وقف املاک پر غیر قانونی قبضوں، من مانی اور برسوں سے جاری بے ضابطگیوں پر مو¿ثر روک لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے وقف املاک کے انتظام میں چند مخصوص افراد اور بااثر عناصر کی مداخلت اور بے قاعدگیوں کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ نئے نظام سے ایسی سرگرمیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضابطہ کار میں متولی بننے کے لیے گریجویشن کی ڈگری اور ہندی و اردو زبانوں کا علم لازمی قرار دیے جانے سے وقف املاک کا انتظام زیادہ تعلیم یافتہ اور ذمہ دار افراد کے ہاتھوں میں جائے گا۔ اس سے ریکارڈ کی دیکھ بھال اور املاک کے بہتر انتظام میں بہتری آئے گی۔ تاہم ’علی الاولاد‘ یعنی موروثی متولی کے معاملات میں گریجویشن کی شرط سے چھوٹ دے کر روایت اور جدید نظام کے درمیان توازن قائم کیا گیا ہے۔
محسن رضا نے کہا کہ ضابطہ کار میں متولی کے عہدے کے لیے کم از کم عمر 21 سال مقرر کرنے کے ساتھ ذہنی اور مالی اہلیت کی شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔ دو سال یا اس سے زیادہ کی سزا پانے والے، غیر قانونی قبضے کے مجرم اور ماضی میں بدعنوانی یا بے ضابطگیوں کے سبب عہدے سے ہٹائے گئے افراد کو نااہل قرار دینے کی شق وقف املاک کے تحفظ کے لحاظ سے اہم ہے۔ اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ کو 45 دن کے اندر متعلقہ دستاویزات، اہلیت اور کردار کی جانچ کرنی ہوگی، جس سے نااہل افراد کی تقرری پر روک لگ سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال یکم مارچ تک آمدنی و اخراجات کے تخمینے، بجٹ، املاک کے انتظامی منصوبے اور غیر قانونی قبضوں سے متعلق نوٹس اور احکامات آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس سے عام لوگوں کو وقف املاک سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی۔ مقررہ فیس ادا کرکے دستاویزات دیکھنے اور ان کی مصدقہ نقول حاصل کرنے کی سہولت بھی شفافیت کو فروغ دے گی۔
محسن رضا نے کہا کہ مالیات و وقف ترقیاتی کارپوریشن کو عمل درآمد کرنے والا ادارہ بنائے جانے سے وقف املاک کی منصوبہ بند ترقی کو رفتار ملے گی۔ اس سے ان املاک کا بہتر استعمال ممکن ہوگا اور مسلم معاشرے کے ضرورت مند طبقوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی حکومت خوشامدانہ سیاست کے بجائے شفافیت، قانون کی حکمرانی اور سماج کے تمام طبقوں کو حقیقی طور پر بااختیار بنانے میں یقین رکھتی ہے۔ نیا ضابطہ کار وقف نظام کو جوابدہ اور منظم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد