

جبل پور، 19 نومبر(ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور ضلع کے بھیڑا گھاٹ تھانہ علاقے میں جمعرات کی علی الصبح ایک تیز رفتار ٹرک نے ڈھابے کے باہر الاؤ تاپ رہے لوگوں کو کچل دیا۔ حادثے میں 3 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ڈھابا چلانے والے سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ٹرک نے پہلے سڑک کنارے کھڑی 3 گاڑیوں کو ٹکر ماری اور پھر لوگوں کو روندتے ہوئے کچھ دور جا کر پلٹ گیا۔ زخمیوں کو میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کی صبح تقریباً 3 بجے سونو ڈھابے کے سامنے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق مکئی سے لدا ٹرک (ایم پی 20 ایچ بی 1200) شہ پورہ کی جانب سے جبل پور آ رہا تھا۔ اس وقت ڈھابے پر کچھ لوگ کھانا کھا رہے تھے، جبکہ کچھ سردی سے بچنے کے لیے باہر الاؤ تاپ رہے تھے۔ اسی دوران تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد وہاں موجود لوگوں کو کچلتے ہوئے پلٹ گیا۔ حادثے میں 3 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ڈھابا چلانے والے سمیت 2 افراد زخمی ہیں۔
سب انسپکٹر ابھیشیک کیتھواس نے بتایا کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کی شناخت رام پور (گورکھپور) کے رہنے والے مونو بھنڈاری، مرینا کے رہنے والے بلرام سنگھ اور دھرمیندر قبائلی کے طور پر ہوئی ہے۔ دھرمیندر ڈھابے میں ملازم تھا۔ حادثے میں سونو اور ڈھابا چلانے والا شخص زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں کو علاج کے لیے میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔
ٹرک کی ٹکر سے سڑک کنارے کھڑی بولیرو، کار اور پک اَپ بھی تباہ ہو گئیں۔ حادثے کے بعد پولیس نے ٹرک ضبط کر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرک کی رفتار کافی تیز تھی اور ڈرائیور نے گاڑیوں کو ٹکر مارنے کے بعد بھی اسے قابو میں کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ابتدائی جانچ میں ڈرائیور کے نشے میں ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن