صومالیہ کا متحدہ عرب امارات کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم، خودمختاری میں مداخلت کا الزام
موغادیشو، 19 نومبر (ہ س):۔ صومالیہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اماراتی سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ابوظہبی میں تعینات اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا ہے
صومالیہ کا متحدہ عرب امارات کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم، خودمختاری میں مداخلت کا الزام


موغادیشو، 19 نومبر (ہ س):۔

صومالیہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اماراتی سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ابوظہبی میں تعینات اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا ہے۔

صومالیہ کی حکومت نے یو اے ای کی مبینہ سرگرمیوں کو ملک کی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور اتحاد کے خلاف ’کھلی مداخلت‘ قرار دیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی پر نشر کیے گئے ایک بیان میں صومالیہ کے وزیر اطلاعات عبدالفتاح قاسم محمد نے کہا کہ صومالیہ کے خلاف اس مبینہ مداخلت میں متحدہ عرب امارات کا ساتھ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی سرزمین کا دفاع کریں اور قومی خودمختاری کو درپیش اس چیلنج کا متحد ہوکر مقابلہ کریں۔

تاہم وزیر نے ان مخصوص سرگرمیوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، جن کی وجہ سے حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

اس سے قبل صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود نے متحدہ عرب امارات پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ صومالیہ کی بعض علاقائی حکومتوں کو مالی اور سیاسی مدد فراہم کرکے انہیں وفاقی حکومت کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس تازہ پیش رفت پر متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات ماضی میں صومالیہ کی فوج کو مالی امداد اور تربیت فراہم کرتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ وہاں بندرگاہوں اور دیگر تجارتی منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کرتا رہا ہے۔ تاہم یو اے ای صومالیہ کے داخلی معاملات میں مداخلت کے الزامات کی مسلسل تردید کرتا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande