
جموں, 19 نومبر (ہ س)ـ جموں کے سرحدی علاقے میں سیکورٹی ایجنسیوں نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان سے مبینہ رابطوں کے شبہ میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے ایک غیر کشمیری مزدور کو حراست میں لے لیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک واقع گاؤں بدھیال برہمنا میں پیش آیا۔ سیکورٹی فورسز علاقے میں معمول کی تلاشی اور تصدیقی مہم چلا رہی تھیں کہ اس دوران چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے مزدور وجے کمار کے موبائل فون کی جانچ کی گئی۔
تلاشی کے دوران اہلکاروں نے پایا کہ مزدور کے فون میں ایک ایسا واٹس ایپ گروپ موجود ہے جس میں متعدد پاکستانی موبائل نمبرز شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران وجے کمار نہ تو اس گروپ میں شمولیت کی کوئی معقول وجہ بتا سکا اور نہ ہی گروپ کے ایڈمنسٹریٹر سے اپنے تعلق کی وضاحت کر سکا۔
سکیویرٹی ایجنسیوں نے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد مزید قانونی کارروائی اور گہرائی سے تفتیش کے لیے ملزم کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ پولیس اس بات کا پتہ لگا رہی ہے کہ مزدور اس گروپ کا حصہ کیسے بنا اور آیا اس کے ذریعے سرحد پار کوئی حساس معلومات یا مشکوک پیغامات کا تبادلہ تو نہیں ہو رہا تھا۔ تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ابھی تک کسی باقاعدہ جاسوسی یا ملک دشمن سرگرمی کی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / محمد اصغر