
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س):۔ سپریم کورٹ نے متھرا-ورنداون کے ڈالمیا فارم معاملے میں تاجر شیوشنکر اگروال عرف شنکر سیٹھ کے خلاف جاری توہین عدالت کی کارروائی 50 لاکھ روپے عطیہ کرنے کی شرط پر ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے سنایا۔
تاجر کی جانب سے سینئر وکیل مکل روہتگی نے عدالت میں ان کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے دلیل دی کہ ان کے موکل پہلے ہی کافی مالی نقصان اور سخت کارروائی کا سامنا کرچکے ہیں۔
اس پر عدالت نے تاجر شیوشنکر اگروال کے خلاف جاری توہین عدالت کے نوٹس کو ختم کرتے ہوئے انہیں بڑی قانونی راحت دی۔ عدالت نے سماجی فلاح و بہبود کے پیش نظر انہیں 50 لاکھ روپے عطیہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ رقم اتر پردیش حکومت کے زیر انتظام یا اس کی حمایت یافتہ پانچ ایسے اداروں کو دی جائے گی، جو غریب بچوں، یتیموں، بے سہارا افراد، بیوہ خواتین اور بیمار لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ستمبر 2024 میں ورنداون واقع ڈا لمیا فارم کی نجی زمین اور اس کے آس پاس کے محفوظ علاقے (تاج ٹریپیزیم زون) میں بغیر اجازت 454 درخت غیر قانونی طور پر کاٹے گئے تھے۔
مارچ 2025 میں سپریم کورٹ نے مرکزی بااختیار کمیٹی (سی ای سی) کی سفارش کو قبول کرتے ہوئے فی درخت ایک لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 4.54 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ماحولیاتی نقصان کی تلافی کے لیے آس پاس کے علاقے میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ