
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ دہلی میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران ووٹروں کے نام حذف کرانے کے لیے مبینہ طور پر فرضی فارم-7 درخواستیں داخل کیے جانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے جمعرات کو انتخابی کمیشن اور دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر کو شکایت کی جانچ کرکے مناسب اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے کانگریس لیڈر علی مہدی کی عرضیکا ازالہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام شکایات کی تصدیق کریں اور قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ عدالت نے الزامات کے میرٹ پر کوئی رائے ظاہر نہیں کی۔
عرضی گزار کی جانب سے پیش وکیل نے الزام لگایا کہ مصطفیٰ آباد اسمبلی حلقے میں بوتھ لیول ایجنٹوں کے نام پر فارم-7 داخل کیے گئے، جبکہ متعلقہ ایجنٹوں نے درخواست دینے اور ان پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا۔ دعویٰ کیا گیا کہ ایک ایجنٹ کے نام سے داخل کی گئی 37 درخواستوں میں سے 36 فرضی تھیں۔ اس کے علاوہ جن 28 ووٹروں کے نام حذف کرنے کی درخواست دی گئی تھی، وہ اپنے پتے پر موجود پائے گئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ بوتھ لیول ایجنٹ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مقرر کیے جاتے ہیں اور فرضی درخواستیں داخل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ عرضی گزار نے یہ بھی کہا کہ پولیس میں شکایت درج کرانے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ سپریم کورٹ نے حکام کو شکایت پر غور کرنے اور الزامات درست پائے جانے کی صورت میں ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد