
علی گڑھ, 19 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ہوم سائنس کی ریسرچ اسکالر ندا حسن کو ماحولیات، زراعت، انسانی و حیوانی صحت سے متعلق چوتھی بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی ای اے ایچ اے ایچ 2026) میں بیسٹ اورل پرزنٹیشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ کانفرنس سوسائٹی آف مائیکروبایولوجی، بایوکیمسٹری و بایوٹکنالوجی نے اقوام متحدہ پائیدار ترقیاتی اہداف اور عالمی صحت تنظیم کے ون ہیلتھ اپیروچ کے تحت ہائبرڈ طریقہ سے منعقد کی تھی ۔
ندا حسن کے تحقیقی مقالے کا عنوان تھا ‘‘پائیدار مستقبل کے لیے موٹے اناج: ہندوستان میں خواتین کی غذائیت، روایتی غذائی نظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت کا انضمام’’ ۔ اس مقالے میں خواتین کی غذائیت بہتر بنانے، غذائی تنوع کو فروغ دینے، روایتی غذائی نظام کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے قابل زراعت کو مضبوط بنانے میں موٹے اناج کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ ندا حسن نے تولیدی عمر کی خواتین میں غذائیت سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار غذائی نظام کو فروغ دینے میں موٹے اناج پر مبنی غذا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وہ، ڈاکٹر مریم فاطمہ کی نگرانی میں تحقیق کررہی ہیں۔ شعبہ ہوم سائنس کی چیئرپرسن پروفیسر صبا خان نے اس دستیابی پر ندا حسن اور ڈاکٹر مریم فاطمہ کو مبارکباد پیش کی۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ