
کاٹھمنڈو، 19 نومبر(ہ س)۔ نیپالی کمیونسٹ پارٹی(این سی پی) کے کنوینر اور سابق وزیر اعظم پشپ کمل داہال ’پرچنڈ‘ نے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے آئندہ دورہ ہند کے دوران ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں پنچیشور کثیرالمقاصد پروجیکٹ کا معاملہ ترجیحی بنیاد پر اٹھائیں۔
روس کا دورہ مکمل کرکے جمعرات کو وطن واپس پہنچنے کے بعد تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرچنڈ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں پنچیشور پروجیکٹ سمیت نیپال اور ہندوستان کے درمیان تعاون سے متعلق کئی اہم منصوبوں کو آگے بڑھایا تھا۔ اب موجودہ قیادت کو چاہیے کہ وہ ان منصوبوں کو حتمی نتیجے تک پہنچانے کے لیے پہل کرے۔
پرچنڈ نے کہا کہ وزیر اعظم بالیندر شاہ کے دورہ ہند کے دوران پنچیشور پروجیکٹ کو آگے بڑھانے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان بجلی کی تجارت سے متعلق سہ فریقی معاہدے اور زرعی ترقی سے وابستہ مفاہمتوں اور معاہدوں کو بھی ترجیح دی جانی چاہیے۔
ان کے مطابق نیپال کے توانائی شعبے کی ترقی اور علاقائی تعاون کے نقطہ نظر سے بجلی کی تجارت سے متعلق معاہدے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس لیے ہندوستان کے دورے کے دوران ان معاملات میں ٹھوس پیش رفت کی کوشش کی جانی چاہیے۔
وزیر اعظم بالیندر شاہ کے طرزِ کار اور ان کے دورہ ہند سے متعلق سوال پر پرچنڈ نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم کے کام کرنے کے طریقے اور ان کے بیرونی دوروں کے حوالے سے کچھ ابہام ضرور ہے۔ تاہم انہوں نے اپنی سیاسی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اچھا کام کرے گی تو وہ اس کی حمایت اور تعاون کریں گے، لیکن غلط کام کرنے پر تنقید سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے اشارہ دیا کہ ہندوستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات سے جڑے اہم معاملات پر حکومت کو ان کا تعاون حاصل رہے گا، تاہم حکومتی کارکردگی کا جائزہ اس کے فیصلوں اور نتائج کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنچیشور کثیرالمقاصد پروجیکٹ نیپال اور ہندوستان کا ایک اہم مشترکہ منصوبہ ہے، جس کا تعلق دریائے مہاکالی کے پانی کے استعمال سے ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت پن بجلی کی پیداوار، آبپاشی اور سیلاب پر قابو پانے جیسے اہم امور شامل ہیں۔ طویل عرصے سے اس منصوبے پر بات چیت جاری رہنے کے باوجود کئی اہم معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان حتمی اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ