ہندوستانی زبانوں میں تکنیکی تعلیم کو فروغ دے گا بھاشنی اور این آئی ای ایل آئی ٹی کا اشتراک
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ ملک میں ڈیجیٹل تعلیم اور تکنیکی علم کو ہندوستانی زبانوں میں دستیاب کرانے کی سمت مرکزی حکومت نے ایک اہم پہل کی ہے۔ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے تحت ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانک
Ministry-of-electronics-IT-Bha


نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ ملک میں ڈیجیٹل تعلیم اور تکنیکی علم کو ہندوستانی زبانوں میں دستیاب کرانے کی سمت مرکزی حکومت نے ایک اہم پہل کی ہے۔ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے تحت ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (این آئی ای ایل آئی ٹی ) کے درمیان کثیر لسانی مصنوعی ذہانت (اے آئی)، تکنیکی تعلیم، تحقیق اور ہنرمندی کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت نامے (ایم او یو) کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

یہ اشتراک ’بھاشنی فار سیوا‘ کے تحت کیا جائے گا۔ اس کا بنیادی مقصد ملک کے مختلف لسانی علاقوں کے طلبہ اور سیکھنے والوں تک ان کی پسندیدہ بھارتی زبانوں میں ڈیجیٹل معلومات، تکنیکی تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی سے متعلق مواقع پہنچانا ہے۔اس مفاہمت نامے کا تبادلہ بھاشنی کی ایکو سسٹم انگیجمنٹ کی سربراہ سواتی بشٹ چودھری اور این آئی ای ایل آئی ٹی (نیلیٹ) کے رجسٹرار ڈاکٹر ایس کے دھرندر نے دونوں اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں کیا۔

اس شراکت داری کے تحت بھاشنی کی اے آئی پر مبنی لسانی ٹیکنالوجی کو تعلیمی، تربیتی اور ادارہ جاتی پلیٹ فارم سے جوڑنے کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔ اس کے ذریعے تکنیکی نصاب، مطالعاتی مواد، ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم اور تربیتی وسائل کو متعدد ہندوستانی زبانوں میں دستیاب کرانے پر کام کیا جائے گا۔

مفاہمت نامے میں اے آئی پر مبنی ترجمے، اسپیچ ٹیکنالوجی اور زبان سے متعلق دیگر تکنیکی حل تیار کرنے اور ان کے استعمال کو فروغ دینے کی شق بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ مختلف تکنیکی مضامین کے لیے خصوصی لسانی وسائل تیار کرنے، تحقیق، اختراع اور لسانی ڈیٹا میں تعاون کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا جائے گا۔

اس پہل کا ایک اہم مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ انگریزی یا کسی دوسری زبان سے ناواقفیت تکنیکی تعلیم حاصل کرنے میں رکاوٹ نہ بنے۔ ملک کے مختلف لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ اپنی مادری زبان یا پسندیدہ ہندوستانی زبان میں تکنیکی مضامین سمجھ سکیں اور ٹیکنالوجی کے نئے شعبوں میں آگے بڑھ سکیں۔

بھاشنی اور نیلیٹ کی شراکت داری کے ذریعے طلبہ، اساتذہ، تربیت کاروں اور محققین کے لیے کثیر لسانی ڈیجیٹل تعلیم کا ماحول تیار کرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس سے ڈیجیٹل خواندگی، تکنیکی تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے پروگراموں کی رسائی بڑھانے میں مدد ملنے کی امید ہے۔

دونوں ادارے کثیر لسانی اے آئی کے عملی استعمال کو فروغ دینے کے لیے بیداری پروگرام اور مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ادارہ جاتی خدمات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سہولتوں میں بھی بھارتی زبانوں کے استعمال کے امکانات پیدا کیے جائیں گے۔

ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن، ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن کے تحت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کی قومی پہل ہے۔ اس کا مقصد اے آئی پر مبنی لسانی ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹل خدمات کو ملک کی مختلف زبانوں میں دستیاب کرانا ہے۔

وزارت کے مطابق، بھاشنی کے نیشنل ہب فار لینگویج ٹیکنالوجی (این ایچ ایل ٹی) کے ذریعے 800 سے زیادہ سرکاری ویب سائٹس کو تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ پلیٹ فارم اب تک 11 ارب سے زیادہ اے آئی اِنفرنسز کو ممکن بنا چکا ہے اور روزانہ 2.4 کروڑ سے زیادہ اے آئی اِنفرنسز پر کارروائی کرتا ہے۔

بھاشنی فی الحال 36 بھارتی متنی زبانوں، 23 ہندوستانی صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ تحقیق، اوپن انوویشن، ڈیٹا سیٹس، اسٹارٹ اپس اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے مقامی زبانوں کی ٹیکنالوجی کی ترقی کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔

بھاشنی کی ایکو سسٹم انگیجمنٹ کی سربراہ سواتی بِشت چودھری نے کہا کہ بھاشنی اور نیلیٹ کا یہ اشتراک بھارت کی زبان پر مبنی اے آئی صلاحیتوں کو تکنیکی تعلیم، تحقیق اور ہنرمندی کی ترقی کے ادارہ جاتی نظام سے جوڑنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کثیر لسانی اے آئی کے ذریعے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل علم کو زیادہ قابل رسائی اور سب کے لیے مفید بنایا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شراکت داری کا مقصد ایک ایسا ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور مستقبل کے لیے تیار ہندوستان بنانا ہے، جہاں زبان مواقع کے حصول میں رکاوٹ نہیں بلکہ ان تک پہنچنے کا ذریعہ بنے۔

مجموعی طور پر، بھاشنی اور این آئی ای ایل آئی ٹی کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ ڈیجیٹل تعلیم کے شعبے میں لسانی رکاوٹوں کو کم کرنے اور تکنیکی علم کو عام لوگوں تک ان کی اپنی زبانوں میں پہنچانے کی سمت ایک اہم پہل ہے۔ یہ شراکت داری مرکزی حکومت کے جامع ڈیجیٹل ترقی کے ہدف اور ’وکست بھارت 2047‘ کے تصور کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande