
کاٹھمنڈو، 19 نومبر (ہ س)۔ نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو میں فضائی آلودگی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ بین الاقوامی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق، جمعرات کی صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان کاٹھمنڈو 181 ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے مقام پر رہا۔
اس دوران پاکستان کا لاہور 327 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا سب سے آلودہ شہر رہا، جبکہ بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ 227 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے مقام پر تھا۔سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی کاٹھمنڈو کی ہوا کا معیار مسلسل خراب ہورہا ہے۔ بارش میں کمی، گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں، سڑکوں پر اڑنے والی گردوغبار اور تعمیراتی سرگرمیوں کو فضائی آلودگی میں اضافے کی اہم وجوہات قرار دیا جارہا ہے۔
آلودگی کی سطح بڑھنے کے باعث کاٹھمنڈو وادی کے آسمان پر دھند کی چادر چھانے لگی ہے۔ اس کا اثر عام لوگوں کی صحت پر بھی پڑنے لگا ہے۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
صحت کے پیش نظر لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور باہر جاتے وقت ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد