ڈی ٹی سی کے بیڑے میں 100 نئی الیکٹرک بسیں شامل ہوں گی، دہلی-ہاپوڑ بس سروس شروع ہوگی
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے کہا ہے کہ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) کے بیڑے میں 100 نئی زیرو ایمیشن الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی۔ ان بسوں کی شمولیت کے بعد دہلی میں بسوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر تقری
DTC-100-New-Electric-Buses


نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے کہا ہے کہ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) کے بیڑے میں 100 نئی زیرو ایمیشن الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی۔ ان بسوں کی شمولیت کے بعد دہلی میں بسوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر تقریباً 7,088 ہو جائے گی، جن میں 5,338 الیکٹرک اور 1,750 سی این جی بسیں شامل ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی ملک میں سب سے بڑے الیکٹرک بس بیڑے والے شہر کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرے گا۔

انہوں نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ ان 100 نئی الیکٹرک بسوں میں 50 بسیں نو میٹر اور 50 بسیں 12 میٹر لمبی ہوں گی۔ محفوظ، آرام دہ اور قابل رسائی عوامی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کی گئی یہ لو فلور اور ایئر کنڈیشنڈ بسیں جدید مسافر سہولتوں سے لیس ہوں گی۔ ان میں سی سی ٹی وی کیمرے، پینک بٹن، ریئل ٹائم ٹریکنگ سسٹم اور معذور افراد کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات شامل ہیں۔

وزیر پنکج کمار سنگھ نے کہا کہ 100 نئی الیکٹرک بسوں کو بیڑے میں شامل کرنا دہلی کے عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو زیادہ آسان بنانے اور صاف ستھرے سفری ذرائع کے ذریعے اس میں تبدیلی لانے کے لیے دہلی حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں عوامی ٹرانسپورٹ کے بس بیڑے کو وسیع پیمانے پر مرحلہ وار بڑھایا جا رہا ہے۔ مالی سال 29-2028 تک دہلی میں بسوں کی مجموعی تعداد تقریباً 14 ہزار تک پہنچانے کا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک موبلٹی پر مبنی اس توسیع سے عوامی ٹرانسپورٹ کے رابطے مضبوط ہوں گے، بس خدمات کی دستیابی بڑھے گی اور صاف ستھری و پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کے طویل مدتی وژن کو عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے گی۔

وزیر نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کے بیڑے میں اضافے کے ساتھ دہلی حکومت آنند وہار آئی ایس بی ٹی اور اتر پردیش کے ہاپوڑ کے درمیان الیکٹرک بس سروس شروع کرکے بین ریاستی عوامی ٹرانسپورٹ رابطے کو بھی مضبوط بنانے جا رہی ہے۔ مجوزہ سروس سے دہلی، غازی آباد اور ہاپوڑ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مقررہ وقت پر آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت دستیاب ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت ڈی ٹی سی آنند وہار آئی ایس بی ٹی سے ہاپوڑ روٹ پر 12 مکمل طور پر الیکٹرک بسیں چلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بین ریاستی بس سروس کے تحت آنند وہار آئی ایس بی ٹی سے بسیں صبح 5 بج کر 15 منٹ سے 8 بج کر 55 منٹ تک اور اس کے بعد صبح 11 بج کر 55 منٹ سے دوپہر 3 بج کر 35 منٹ تک دستیاب ہوں گی۔ دونوں اوقات میں بسیں ہر 20 منٹ کے وقفے سے چلائی جائیں گی۔ واپسی میں ہاپوڑ سے بسیں صبح 8 بج کر 5 منٹ سے 11 بج کر 45 منٹ تک اور اس کے بعد دوپہر 2 بج کر 45 منٹ سے شام 6 بج کر 25 منٹ تک ہر 20 منٹ کے وقفے سے چلیں گی۔

اس روٹ پر آنند وہار آئی ایس بی ٹی سے ہاپوڑ بس اسٹیشن تک بسیں گھڑولی-اتر پردیش سرحد، ڈابر، موہن نگر، نیو بس اسٹینڈ غازی آباد، اولڈ غازی آباد بس اسٹینڈ، ہاپوڑ چنگی، آئی ایم ایس کالج غازی آباد (ڈاسنا)، مسوری، چھجارسی-کلیچ نگر، پلکھوا اور نظام پور سمیت اہم مقامات سے ہو کر گزریں گی۔

علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ڈی ٹی سی کی بین ریاستی الیکٹرک بس خدمات میں توسیع دہلی کی سرحدوں سے باہر بھی مسافروں کو آسان اور قابل اعتماد عوامی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ مجوزہ آنند وہار-ہاپوڑ بس سروس سے خاص طور پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں، طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور دہلی، غازی آباد و ہاپوڑ کے درمیان آمد و رفت کرنے والے دیگر لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وسائل کا بہتر استعمال کرتے ہوئے بین ریاستی روٹس پر الیکٹرک بسیں چلانے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پائیدار ٹرانسپورٹ کا نظام مو¿ثر ہونے کے ساتھ ساتھ آسانی سے دستیاب اور مسافروں کی ضروریات کے مطابق بھی ہو۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande