آستھا کنج پارک اجتماعی عصمت دری معاملہ: عدالت نے دہلی پولیس کی چارج شیٹ کا لیا نوٹس
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س):۔ دہلی کی ساکیت عدالت نے جمعرات کو جنوبی مشرقی دہلی کے کالکاجی واقع آستھا کنج پارک میں نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں دہلی پولیس کی جانب سے داخل کردہ چارج شیٹ کا نوٹس لے لیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج (فاسٹ ٹر
آستھا کنج پارک اجتماعی عصمت دری معاملہ: عدالت نے دہلی پولیس کی چارج شیٹ کا لیا نوٹس


نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س):۔ دہلی کی ساکیت عدالت نے جمعرات کو جنوبی مشرقی دہلی کے کالکاجی واقع آستھا کنج پارک میں نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں دہلی پولیس کی جانب سے داخل کردہ چارج شیٹ کا نوٹس لے لیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج (فاسٹ ٹریک اسپیشل کورٹ۔ پوکسو) سواتی شرما نے پولیس کی جانب سے داخل کردہ حتمی رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمین کو چارج شیٹ کی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

عدالت نے تینوں ملزمین کے خلاف الزامات طے کرنے کے سلسلے میں بحث کے لیے آئندہ سماعت کی تاریخ یکم دسمبر مقرر کی ہے۔

دہلی پولیس نے 13 نومبر کو اس معاملے میں تینوں ملزمین محمد آصف، ہیمنت سنگھ اور مکیش سنگھ کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ پولیس کی اس رپورٹ میں تقریباً 450 سے 500 صفحات پر مشتمل دستاویزات شامل ہیں۔

تحقیقاتی ایجنسی نے معاملے کو مضبوط بنانے کے لیے 57 سے 60 سے زائد گواہوں کے بیانات درج کیے ہیں، جن میں متاثرہ لڑکی اور واقعے کے وقت اس کے ساتھ موجود اس کا دوست بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ چارج شیٹ میں ملزمین کے موبائل فون کی لوکیشن، کال ڈیٹیل ریکارڈ، پارک کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور جائے وقوعہ سے جمع کیے گئے فارنسک و حیاتیاتی شواہد کو اہم بنیاد بنایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ 21 ستمبر کی شام تقریباً 7 بج کر 15 منٹ سے 8 بجے کے درمیان پیش آیا تھا۔ اس دوران تینوں ملزمین نے لڑکی اور اس کے 17 سالہ دوست کو پارک کے گیٹ نمبر 7 سے داخل ہوتے دیکھا۔ ملزمین نے تقریباً ایک کلومیٹر تک ان کا پیچھا کیا اور پھر انہیں روک لیا۔

الزام ہے کہ ملزمین نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے دونوں کو دھمکایا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی وارننگ دی۔ اس کے بعد ملزمین نے مبینہ طور پر لڑکی کو اس کے دوست سے الگ کردیا۔ آصف پر الزام ہے کہ اس نے چاقو اور پستول دکھا کر دھمکایا، جبکہ دیگر دو ملزمین لڑکی کو پارک کے اندر جھاڑیوں کے قریب ایک سنسان مقام پر لے گئے، جہاں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو گرفتار کرلیا تھا۔ فی الحال وہ عدالتی حراست میں ہیں۔

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande