
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ ووٹ چوری کے معاملے پر اپوزیشن کی جانب سے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے سے عوام کا جمہوریت پر سے اعتماد ختم ہوجائے گا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی یہی چاہتی ہے۔ اسی وجہ سے اپوزیشن انتخابات میں حصہ لینا جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ لڑائی اقتدار کی نہیں بلکہ آئین کی ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج ’ایران جنگ اور دنیا میں ہندوستان کا کردار‘ کے موضوع پر شکاگو یونیورسٹی میں منعقدہ مکالماتی پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے کئی سوالوں کے جواب دیے۔
انہوں نے کہا، ’’بار بار یہ سوال اٹھتا ہے کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ووٹ چوری کے خلاف اپوزیشن انتخابات کا بائیکاٹ کیوں نہیں کردیتی؟ جواب صاف ہے: ہمارے لیے ہندوستان کی جمہوریت سب سے زیادہ مقدس ہے۔ جس دن اپوزیشن نے انتخابات لڑنا چھوڑ دیا، اسی دن عوام کا جمہوریت پر سے اعتماد اٹھ جائے گا اور بی جے پی بھی یہی چاہتی ہے۔ ہم اس اعتماد کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔ ہم ہر ضرب برداشت کریں گے، ہر ووٹ کے لیے لڑیں گے اور ہر سچائی ملک کے سامنے رکھیں گے۔ یہ لڑائی اقتدار کی نہیں، آئین کی ہے۔ اس کے تحفظ کے لیے ہم میدان میں تھے، ہیں اور رہیں گے۔‘‘
راہل نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنانے جا رہے ہیں کہ ہماری سب سے بڑی طاقت، یعنی عوام کی بلاخوف اپنی بات کہنے کی صلاحیت، ایک بار پھر بحال ہو اور ایک بڑی طاقت بنی رہے۔
اس دوران راہل گاندھی نے دہشت گردی جاری رہنے تک پاکستان سے بات چیت نہ کرنے کی ہندوستانی حکومت کی پالیسی کو بھی دہرایا۔ ایک پاکستانی طالب علم کے سوال کے جواب میں راہل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں دہشت گردی کی حمایت اور حوصلہ افزائی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ یہ ناممکن ہے کہ ہم اپنے بے قصور شہریوں کے قتل کو برداشت بھی کریں اور ساتھ ہی پاکستان سے بات چیت بھی کریں۔ اس لیے جس لمحے یہ سلسلہ رکے گا، اسی وقت بات چیت شروع ہوسکتی ہے۔
اسرائیل کے تعلق سے راہل نے کہا کہ وہ اس ملک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، لیکن ہندوستان کو عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنا اثر و رسوخ ظاہر کرنا چاہیے۔ اسے کسی کے ذریعے روکا نہیں جانا چاہیے۔ ہندوستان کو اپنے اصولوں پر قائم رہنا چاہیے۔ اکتوبر میں پیش آنے والے واقعات کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور یہ انتہائی خوفناک تھے۔ لیکن وہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کی بھی سخت مذمت کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن