
البرکات انسٹی ٹیوٹ آف منجمنٹ میں 21 نومبر کو ’ایوولو 2.0‘ ہیومن ریسورس سمٹ 2026 کا انعقاد
علی گڑھ, 19 نومبر (ہ س)۔علی گڑھ کے معروف ادارہ البرکات انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز (ABIMS) کی جانب سے ’ایوولو 2.0‘ (Evolve 2.0) ہیومن ریسورس سمٹ 2026 کا انعقاد 21 نومبر کو کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ادارے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پروفیسر جاوید اختر، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر احمد ندیم اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد جنید نے سمٹ کے اغراض و مقاصد اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سمٹ کا مقصد طلبہ کو ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے بدلتے ہوئے رجحانات، صنعتی ضروریات اور پیشہ ورانہ زندگی کے نئے تقاضوں سے روشناس کرانا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو تجربہ کار ہیومن ریسورس ماہرین اور صنعت و کاروبار سے وابستہ ممتاز شخصیات سے براہ راست گفتگو اور تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کے دوران ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے بدلتے ہوئے رجحانات، قیادت کی صلاحیت، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے، پیشہ ورانہ ترقی اور مستقبل کے چیلنجز جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔ اس کے علاوہ صنعت سے وابستہ ماہرین طلبہ کے ساتھ اپنے تجربات، عملی معلومات اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق اہم مشاہدات بھی شیئر کریں گے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ سمٹ کے انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے طلبہ کو صنعت و کاروبار میں ہونے والی نئی تبدیلیوں اور مختلف کمپنیوں کی موجودہ توقعات کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر ابلاغی صلاحیت، تجزیاتی سوچ، ٹیم ورک اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو تیار کرنے کی اہمیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔مقررین نے کہا کہ یہ سمٹ طلبہ کے لیے نصابی تعلیم سے آگے بڑھ کر عملی دنیا کو سمجھنے اور صنعت و کاروبار کے تجربات سے سیکھنے کا ایک اہم موقع ثابت ہوگی۔ ایوولو 2.0 محض ایک ہیومن ریسورس کانفرنس نہیں، بلکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے، شخصیت سازی اور انہیں مستقبل کے پیشہ ورانہ چیلنجز کے لیے تیار کرنے کی ایک کوشش ہے۔انہوں نے اس پروگرام کی کامیابی کے لیے ادارے کے ڈائریکٹر، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر، اساتذہ اور پورے اے بی آئی ایم ایس خاندان کے تعاون اور رہنمائی کو بھی اہم قرار دیا۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ