شی جن پنگ نے ایپیک اجلاس میں ایشیا- بحرالکاہل کی ترقی کے لیے چار نکاتی وژن پیش کیا
شینزین، 19 نومبر (ہ س)۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے 33ویں ایشیا -بحرالکاہل اقتصادی تعاون (ایپیک) کے اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایشیا -بحرالکاہل برادری کی تعمیر کے لیے چار اہم نکاتی وژن پیش کیے۔ انہوں نے اتحاد اور باہمی تعاون، کھلے پن ا
APEC-SUMMIT-XI-JINPING-PRESENTS-ASIA-PACIFIC-REGIO


شینزین، 19 نومبر (ہ س)۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے 33ویں ایشیا -بحرالکاہل اقتصادی تعاون (ایپیک) کے اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایشیا -بحرالکاہل برادری کی تعمیر کے لیے چار اہم نکاتی وژن پیش کیے۔ انہوں نے اتحاد اور باہمی تعاون، کھلے پن اور اقتصادی انضمام، کاروباری سرگرمیوں اور اختراع ،نیز جامع ترقی کو خطے کے روشن مستقبل کی بنیاد قرار دیا۔ جن پنگ نے کہا کہ چین تمام ممالک کے ساتھ مل کر ایسی ایشیا -بحرالکاہل برادری قائم کرنا چاہتا ہے جہاں مشترکہ ترقی اور باہمی تعاون کو ترجیح حاصل ہو۔

ہندوستان میں چین کے سفیر شو فیئی ہونگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت بڑی تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے۔ سائنس، ٹیکنالوجی اور صنعتوں میں تیزی سے ہونے والی اختراعات کے درمیان ایشیا -بحرالکاہل کے ممالک کو نئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔ ایپیک کے قیام کے بعد گزشتہ تین دہائیوں میں اس خطے نے نمایاں اقتصادی ترقی کی ہے اور اب اس کامیابی کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔

انہوں نے رکن ممالک سے کھلی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کی اپیل کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سائنسی اور تکنیکی تعاون، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹل معیشت اور اختراع کو علاقائی ترقی کی اہم بنیاد قرار دیا۔

چینی صدر نے ایشیا- بحرالکاہل تعاون کے چار اہم ستون بھی پیش کیے۔ ان میں تجارت اور معیشت، علاقائی رابطہ کاری، اختراع اور پائیدار ترقی شامل ہیں۔ انہوں نے ایشیا -بحرالکاہل آزاد تجارتی علاقے (ایف ٹی اے اے پی) کے ہدف کو آگے بڑھانے، سرحد پار ادائیگیوں کو آسان بنانے اور سپلائی چین کو مستحکم رکھنے پر زور دیا۔

جن پنگ نے توانائی اور غذائی تحفظ، ماحولیات کے تحفظ، سبز ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ہنرمندی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت بھی ظاہر کی۔ انہوں نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور نوجوانوں کے درمیان تبادلے کو فروغ دینے کی بات کہی، تاکہ ترقی کے ثمرات سبھی تک پہنچ سکیں۔

اس موقع پر شی جن پنگ نے اعلان کیا کہ چین ایپیک کے عملی تعاون کے لیے 20 ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ شینزن میں ایشیا -بحرالکاہل برادری کے مطالعاتی مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ چین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سرحد پار ڈیٹا کی ترسیل،ماحول دوست توانائی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کے لیے تعاون کے ادارے بھی قائم کرے گا۔

استقبالیہ ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے جن پنگ نے شینزن کی ترقی کا ذکر کیا اور اسے چین کی اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1978 میں ماہی گیروں کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے طور پر پہچانا جانے والا شینزن آج ایک جدید بین الاقوامی شہر بن چکا ہے۔ اس شہر نے کھلے پن، اختراع اور بین الاقوامی تعاون کی بدولت نمایاں ترقی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایپیک نے علاقائی اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے اور ایشیا -بحرالکاہل خطے کو عالمی معیشت کا ایک اہم مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چین کی صدارت کے دوران ایک سال میں 16 شہروں میں 300 سے زیادہ اجلاس اور پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں رکن معیشتوں کے 10 ہزار سے زیادہ نمائندوں نے شرکت کی۔

جن پنگ نے تمام رکن ممالک سے مل کر ایشیا -بحرالکاہل تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande