
وائلڈ لائف سے پھیلنے والے امراض کی شناخت اور روک تھام کے موضوع پر اے ایم یو میں ورکشاپ منعقد
علی گڑھ، 18 نومبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے امریکن سوسائٹی فار مائیکرو بایولوجی (اے ایس ایم) اسٹوڈنٹس چیپٹر نے ہاسپٹل انفیکشن سوسائٹی آف انڈیا (ایچ آئی ایس آئی)، علی گڑھ چیپٹر کے اشتراک سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں ‘‘وائلڈ لائف امراض کی شناخت : جراثیم، تحفظ اور ایک صحت کے تصور کا جائزہ’’ کے عنوان سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ امریکن سوسائٹی فار مائیکرو بایولوجی کی جانب سے پروفیسر فاطمہ خان کے لئے منظور شدہ اے ایس ایم ینگ ایمبیسیڈر پروجیکٹ فنڈ کے تعاون سے منعقدہ اس ورکشاپ میں وائلڈ لائف سوسائٹی سے وابستہ تقریباً 30 طلبہ نے شرکت کی اور حیوانات سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں، جنگلی حیاتیات سے وابستہ انفیکشن اور ‘ایک صحت’ کے تصور کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
افتتاحی اجلاس میں فیکلٹی آف میڈیسن کی قائم مقام ڈین پروفیسر سنگیتا سنگھل اور جے این میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر انجم پرویز نے شرکت کی۔ استقبالیہ خطاب میں پروفیسر فاطمہ خان نے انسانی، جنگلی حیاتیات اور ماحولیاتی صحت کے باہمی تعلق کو سمجھنے کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان اشتراک کی اہمیت اجاگر کی۔ پروفیسر سنگھل نے صحتِ عامہ کے چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جبکہ پروفیسر پرویز نے ‘ایک صحت’ کے تصور کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کی اہمیت بیان کی۔ پروفیسر عروس الیاس نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔ نظامت کے فرائض اے ایس ایم جے این ایم سی اسٹوڈنٹس چیپٹر کی نائب صدر عریشہ نے انجام دئے۔
علمی نشستوں میں پروفیسر فاطمہ خان نے ‘ایک صحت’ کے تصور، ڈاکٹر شارق احمد نے حیوانات سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں اور ابھرتے ہوئے انفیکشن، جبکہ پروفیسر عروس الیاس نے جنگلاتی حیات میں بیماریوں کے پھیلاؤ کی تحقیق کے موضوعات پر خطبات دئے۔ شرکاء کے لیے مختلف تعاملی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں ‘‘مشتبہ کردار سے ملاقات’’ کے عنوان سے ابتدائی سرگرمی شامل تھی، جسے وامیکا چنانا اور مریم شکیل نے منعقد کیا۔ اس کے علاوہ محمد آرین طارق اور فائزہ فرقان کی قیادت میں بیماری کے پھیلاؤ کی تحقیقات پر مبنی ایک بیداری سرگرمی بھی منعقد کی گئی۔
ڈاکٹر کلیم احمد نے ‘‘جنگلاتی حیات کا تحفظ اور بیماریوں کی روک تھام: توازن کی تلاش’’ کے موضوع پر ایک سیشن منعقد کیا، جس میں صحتِ عامہ کی ترجیحات اور جنگلاتی حیات کے تحفظ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔ پروفیسر فاطمہ خان کے زیر اہتمام ایک کوئز مقابلے میں مصطفیٰ، امان اور شاداب احمد نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ اسناد کی تقسیم اور پروفیسر فاطمہ خان کے اختتامی کلمات کے ساتھ پروگرام کو تکمیل کو پہنچا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ