
نیویارک، 18 نومبر (ہ س)۔
کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے امریکہ میں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ ہندوستان میں متوسط طبقے کے خاندانوں کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کا اپنے مستقبل کے امکانات پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔ روزگار کے مناسب مواقع نہ ملنے سے نوجوان مایوس ہیں اور اب وہ اپنے والدین کے تجربات اور کیریئر سے متعلق مشوروں پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے اسے ملک میں بے روزگاری اور تعلیمی نظام سے متعلق ایک سنگین مسئلے کی علامت قرار دیتے ہوئے ہندوستان کے اقتصادی بحران کی طرف بڑھنے کا دعویٰ کیا۔
راہل گاندھی نے امریکہ کے نیویارک میں واقع کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز میں طلبہ اور اساتذہ سے گفتگو کے دوران یہ باتیں کہیں۔ پروگرام میں انہوں نے امریکہ کی سینئر صحافی لیڈیا پولگرین کے ساتھ بات چیت کی اور اس کے بعد طلبہ و اساتذہ کے سوالات کے جواب دیے۔
نوجوانوں کی صورتحال پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ موجودہ حالات سے مایوس نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد متوسط طبقے کے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہے۔ ان نوجوانوں نے باقاعدہ تعلیم حاصل کی ہے، لیکن انہیں اپنے مستقبل کی راہ نظر نہیں آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موضوع کا مطالعہ کیا جا رہا ہے اور نوجوانوں کی مایوسی کی ایک بڑی وجہ انہیں مستقبل میں مواقع کی کمی محسوس ہونا ہے۔
راہل گاندھی نے نئی اور پرانی نسل کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اب اپنے والدین سے کہہ رہے ہیں کہ جب ان کے پاس مستحکم ملازمت یا کامیابی نہیں ہے تو وہ انہیں پرانے راستوں پر چلنے کا مشورہ کیسے دے سکتے ہیں۔ نوجوانوں کا خیال ہے کہ پچھلی نسل کے لیے کارآمد طریقے اب ان کے لیے مو¿ثر نہیں ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان ایک بڑے اقتصادی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بے روزگاری اور تعلیمی نظام کے مسائل کو اس کی اہم وجوہات قرار دیا۔ ان مسائل کو نظر انداز کرنے سے حل نہیں نکلے گا۔
انہوں نے انتخابی نظام پر بھی سوال اٹھائے اور الزام لگایا کہ سال 2024 کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل 14 کروڑ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے گئے۔ انہوں نے انتخابات میں پہلے کے مقابلے 20 سے 50 گنا زیادہ رقم خرچ ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس انتخابی دھاندلی کے کافی ثبوت ہیں اور انتخابی نظام میں اصلاحات کے بغیر صورتحال تبدیل نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی امریکہ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ 18 نومبر کو شکاگو یونیورسٹی میں طلبہ اور ماہرین تعلیم کے ساتھ ان کی بات چیت کا پروگرام ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ