


خاندان کے ایک فرد کو ملازمت دینے پر اتفاق
ٹنڈوا میں زیر تعمیر پائپ کنویئر-2 میں دردناک حادثہ، پانچ مزدور زد میں آئے
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اظہارِ افسوس کیا، زخمیوں کے بہتر علاج کی ہدایت
چترا، 18 نومبر (ہ س)۔
جھارکھنڈ کے چترا ضلع کے ٹنڈوا واقع این ٹی پی سی پروجیکٹ میں بدھ کے روز پیش آئے حادثے میں تین مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ زیر تعمیر پائپ کنویئر-2 میں کاو¿نٹر ویٹ کا وزن بڑھانے کے دوران پیش آیا۔ اچانک کاو¿نٹر ویٹ ٹوٹ کر نیچے گر گیا، جس کی زد میں وہاں کام کر رہے پانچ مزدور آ گئے۔
حادثے کے بعد مہلوکین کے اہل خانہ کو 60-60 لاکھ روپے معاوضہ دینے اور خاندان کے ایک فرد کو ملازمت فراہم کرنے پر اتفاق ہوا۔
مہلوکین کی شناخت ٹنڈوا کے رہنے والے راجندر سونی (52)، ہزاری باغ ضلع کے سرسی کے رہنے والے بالیشور پاسوان (42) اور بہار کے جہان آباد کے رہنے والے بب لو سنگھ (40) کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں ٹنڈوا کے گوندا کے رہنے والے تلک گنجھو اور بہار کے اورنگ آباد کے رہنے والے رنجیت یادو شامل ہیں۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب پائپ کنویئر-2 میں کاو¿نٹر ویٹ کا کام جاری تھا۔ اس دوران دو مزدور اوپر چڑھ کر کام کر رہے تھے، جبکہ تین مزدور نیچے کاو¿نٹر ویٹ میں وزن بڑھانے کے کام میں مصروف تھے۔ اسی دوران اچانک کاو¿نٹر ویٹ ٹوٹ کر نیچے گر گیا اور پانچوں مزدور اس کی زد میں آ گئے۔
حادثے میں راجندر سونی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ چار دیگر مزدوروں کو فوری طور پر این ٹی پی سی کے سنجیونی اسپتال پہنچایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بالیشور پاسوان اور ببلو سنگھ کو مردہ قرار دے دیا۔ دونوں زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے رانچی ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود مزدوروں نے فوری طور پر راحت اور بچاو¿ کا کام شروع کیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مہلوکین کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں مقامی دیہاتی اسپتال پہنچ گئے۔ اس واقعے کو لے کر دیہاتیوں میں این ٹی پی سی انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی دیکھی گئی۔
اہل خانہ ہر مہلوک کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ اور خاندان کے ایک فرد کو ملازمت دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ زیر تعمیر کنویئر بیلٹ کا کام میسرز سمپلیکس انفراسٹرکچرز لمیٹڈ اور میسرز تھیسن کرپ کمپنی کو سونپا گیا ہے۔
حادثے کے بعد مہلوکین کی لاشیں این ٹی پی سی کے سنجیونی اسپتال میں رکھی گئی تھیں۔ اس دوران مرنے والوں کی تعداد کو لے کر بھی ابہام کی صورتحال بنی رہی۔ واقعے کی معلومات حاصل کرنے اسپتال پہنچے صحافیوں کو سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے اندر جانے سے روک دیا۔ اس کے بعد اسپتال کے مرکزی دروازے پر ہنگامہ شروع ہو گیا۔
معاملے کی اطلاع ملنے پر رکن اسمبلی اجول داس، سابق رکن اسمبلی کشور داس اور جے ایم ایم کے ضلعی صدر نلیش گیاسین نے مداخلت کی۔ اس کے بعد صحافیوں کو اسپتال میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران جے ایم ایم کے ضلعی صدر مرکزی دروازے پر دھرنے پر بیٹھ گئے اور صحافیوں کی حمایت میں نعرے بازی کی۔
حادثے کے بعد سنجیونی اسپتال میں عوامی نمائندوں، انتظامی افسران، مہلوکین کے اہل خانہ اور این ٹی پی سی انتظامیہ کے درمیان کئی گھنٹوں تک بات چیت ہوئی۔ عوامی نمائندوں نے ہر مہلوک کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ اور خاندان کے ایک فرد کو ملازمت دینے کا مطالبہ کیا۔
ابتدا میں انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کی طرف سے 18 لاکھ روپے اور بیمہ کے تحت 10 لاکھ روپے دینے کی تجویز پیش کی گئی۔ اس پر اہل خانہ اور عوامی نمائندوں نے ناراضگی ظاہر کی۔ اس کے بعد مشتعل افراد لاشوں کو لے کر این ٹی پی سی کے مرکزی دروازے پر دھرنا دینے کے لیے روانہ ہو گئے۔
صورتحال بگڑتی دیکھ کر انتظامیہ نے ہر مہلوک کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ بیمہ کے تحت 10 لاکھ روپے دلانے اور ہر مہلوک کے اہل خانہ میں سے ایک فرد کو ملازمت دینے پر بھی اتفاق ہوا۔
اس طرح مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے معاوضہ اور ایک فرد کو ملازمت دینے کی یقین دہانی کے بعد معاملہ پ±رسکون ہوا۔
بات چیت میں رکن اسمبلی اجول داس، سابق رکن اسمبلی کشور داس، سابق رکن اسمبلی امبا پرساد، جے ایم ایم کے ضلعی صدر نلیش گیاسین، ضلع پریشد رکن سبھاش یادو، مزدور یونین کے بنود بہاری پاسوان، سنیل چورسیا، گووند تیواری، سبھاش داس، جاگیشور داس، روی گپتا اور نتیش کمار سمیت کئی افراد موجود تھے۔
این ٹی پی سی پروجیکٹ میں پیش آنے والے حادثے پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرکے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حادثے سے متاثرہ افراد کے تئیں ان کی گہری ہمدردیاں ہیں۔ ضلعی انتظامیہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو زخمیوں کے مناسب علاج اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مہلوکینکی روحوں کے سکون، سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
حادثے کے بعد این ٹی پی سی انتظامیہ نے پریس ریلیز جاری کرکے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق، زیر تعمیر کنویئر بیلٹ پر کام کے دوران میسرز سمپلیکس انفراسٹرکچرز لمیٹڈ اور میسرز تھیسن کرپ کے تحت کام کرنے والے تین مزدوروں کی موت ہوئی ہے، جبکہ دو مزدور زخمی ہوئے ہیں۔
انتظامیہ نے ہلاک ہونے والے مزدوروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ زخمیوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وہیں، حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تفصیلی تحقیقات شروع کرنے اور ضروری کارروائی کیے جانے کی بات بھی کہی گئی ہے۔
این ٹی پی سی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کام کی جگہ پر تمام ملازمین کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ