آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کی تشکیل میں ہندوستان-جاپان شراکت داری ناگزیر: جے شنکر
نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کی تشکیل میں ہندوستان اور جاپان کی شراکت داری ناگزیر ہے۔ دونوں ممالک اہم ایشیائی جمہوریتیں اور سمندری ممالک ہونے کے ناطے اس خطے میں امن،
آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کی تشکیل میں ہندوستان-جاپان شراکت داری ناگزیر: جے شنکر


نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کی تشکیل میں ہندوستان اور جاپان کی شراکت داری ناگزیر ہے۔ دونوں ممالک اہم ایشیائی جمہوریتیں اور سمندری ممالک ہونے کے ناطے اس خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

جے شنکر نے نئی دہلی میں منعقدہ نویں ہندوستان-جاپان ہند-بحرالکاہل فورم سے ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں دہلی پالیسی گروپ اور جاپان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کی کوششوں کی ستائش کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری اعتماد، خیرسگالی اور مشترکہ اسٹریٹجک نقطہ نظر پر مبنی ہے۔ یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا میں امن، استحکام اور اقتصادی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے ہند-بحرالکاہل سمندری پہل (آئی پی او آئی) اور ویژن سمندر کے تحت دونوں ممالک کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور جاپان آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں۔

جے شنکر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے امکانات پر کہا کہ جاپان کی صنعتی پیداوار میں مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا ہندوستان کی کاروباری صلاحیت، وسیع بازار اور ہنرمند افرادی قوت کے ساتھ بہترین تال میل ہے۔ جاپان ہندوستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک اہم شراکت دار ہے اور ہندوستان کی مستحکم اقتصادی ترقی جاپانی کمپنیوں کو ’میک ان انڈیا‘ اور ’میک فار دی ورلڈ‘ کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی حالات میں عالمی سپلائی چین کو مضبوط اور لچکدار بنانا اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق چیلنجوں کا حل تلاش کرنا دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے دورے کے دوران جاپان کی وزیر اعظم تاکائچی سانے کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا بھی ذکر کیا۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ سال 2027 ہندوستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کا موقع ہوگا۔ اس سال کو بھارت-جاپان مشترکہ مستقبل کا سال‘ کے طور پر منایا جائے گا اور اس سے متعلق تقریبات میں نوجوانوں کو مرکزیت دی جائے گی۔ اگلے سال ہند-بحرالکاہل خطے کے اسٹریٹجک تصور کو آگے بڑھانے والے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے تصور کے 20 سال بھی مکمل ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ نویں ہندوستان-جاپان ہند-بحرالکاہل فورم کا انعقاد دہلی پالیسی گروپ اور جاپان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس میں دونوں ممالک کے سرکاری عہدیداروں، سفارت کاروں اور اسٹریٹجک امور کے ماہرین نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande