
کٹھمنڈو، 18 نومبر(ہ س)۔ نیپال کو 12 سال سے زیادہ عرصے سے منتظر اضافی فضائی داخلہ راستہ (ایئر روٹ) فراہم کرنے کے لیے ہندوستان آمادہ نظر آ رہا ہے۔ نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے ہندوستان دورے کے دوران نیپال کی جانب سے کیے جانے والے اہم معاہدوں میں فضائی راستے کا معاملہ شامل ہونا تقریباً طے مانا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم شاہ 22 نومبر کو ہندوستان کے دورے پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
فضائی راستے کے معاملے پر بات چیت کے لیے وزارت ثقافت، سیاحت اور شہری ہوابازی کے جوائنٹ سکریٹری اور محکمہ انتظامیہ و منصوبہ بندی کے سربراہ جے نارائن آچاریہ، وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری اور جنوبی ایشیا ڈویژن کے سربراہ گیہیندر راج بھنڈاری اور نیپال سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مکیش ڈنگول نئی دہلی پہنچے تھے۔ نیپال خاص طور پر بھیروا، نیپال گنج، مہندر نگر اور جنک پور کے لیے اضافی فضائی داخلہ راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ ہندوستان سے کرتا رہا ہے۔
حال ہی میں نئی دہلی میں ہوئی بات چیت کے بعد ہندوستان اتراکھنڈ کے بنباسا سے ہوتے ہوئے نیپال کے مہندر نگر کے راستے طیاروں کو داخلے کی اجازت دینے کے لیے مثبت نظر آیا ہے۔ دہلی سے واپس لوٹے ڈائریکٹر جنرل ڈنگول نے کہا، ’’بات چیت کافی مثبت رہی ہے۔ ہم نے اپنی ضروریات اور تکنیکی پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ اس سلسلے میں اعلیٰ سطحی بات چیت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ مہندر نگر کے راستے فضائی گزرگاہ فراہم کرنے کے معاملے پر ہندوستانی فریق کافی مثبت نظر آیا ہے۔‘‘
ہندوستان کی جانب سے اضافی فضائی داخلہ راستہ فراہم نہ کیے جانے کے سبب نیپال کی بین الاقوامی پروازیں فی الحال صرف ایک ہی داخلی راستے پر منحصر ہیں۔ کئی طیاروں کو بہار کے رکسول سے نیپال کے سِمرا کے راستے نیپال میں داخل ہونا یا وہاں سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔ اس سے فضائی آمد و رفت کے انتظام میں دشواریاں پیدا ہوتی ہیں۔
مغربی ممالک اور مشرق وسطیٰ سے آنے والے طیاروں کو بھیروا یا مہندر نگر کے راستے براہ راست نیپال میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ ایسے طیاروں کو طویل راستہ اختیار کرکے سمرا کے راستے نیپال پہنچنا پڑتا ہے۔ اس وجہ سے پرواز کا وقت 25 منٹ سے زیادہ بڑھ جاتا ہے اور ایندھن بھی زیادہ خرچ ہوتا ہے۔
شہری ہوابازی کے محکمہ کے افسران کے مطابق، اگر بین الاقوامی طیاروں کو مہندر نگر کے راستے نیپال میں داخلے کی اجازت مل جاتی ہے تو بھیروا میں واقع گوتم بدھ بین الاقوامی ہوائی اڈے، پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈے اور کٹھمنڈو میں واقع تری بھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے پروازوں کا آپریشن زیادہ آسان ہو جائے گا۔
فی الحال گوتم بدھ اور پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اترنے والے طیاروں کو بھی سمرا کے راستے طویل چکر لگا کر پہنچنا پڑتا ہے۔ اس سے پرواز کا وقت 20 سے 25 منٹ تک بڑھ جاتا ہے۔ اضافی وقت اور ایندھن کے خرچ کے سبب غیر ملکی فضائی کمپنیاں بھی ان دونوں بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے اپنی پروازوں میں توسیع کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہی ہیں۔
نیپال کا ماننا ہے کہ مہندر نگر کے راستے نیا فضائی داخلہ راستہ ملنے سے بین الاقوامی پروازوں کا وقت اور آپریشنل خرچ کم ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی بھیروا اور پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے آپریشن اور وہاں بین الاقوامی پروازوں کی توسیع کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
نیپال کے وزیر خارجہ ششیر کھنال نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم کے دورۂ ہندوستان کے دوران اس معاملے پر معاہدہ ہو سکتا ہے۔ کھنال نے کہا کہ ہندوستان کے مثبت رخ سے ہمیں امید ہے کہ اس بار کم از کم ایک اضافی فضائی راستے پر معاہدہ ہو جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن